اپوا خواتین کے حقوق کی آگاہی کیلئے سیمینارز کا انعقاد کریگی؛ عید ملن تقریب سے رہنمائوں کا خطاب – Kashmir Link London

اپوا خواتین کے حقوق کی آگاہی کیلئے سیمینارز کا انعقاد کریگی؛ عید ملن تقریب سے رہنمائوں کا خطاب

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی فلاحی تنظیم اپوا برمنگھم برانچ کے زیر اہتمام عید مِلن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں برمنگھم سے وائس قونصل جنرل بختاور میر، چیئرپرسن اپوا برمنگھم رفعت مغل، چیئر پرسن یوکے سیمی اعوان، سعدیہ سید، عدیلہ پرویز اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔ تقریب میں میں برطانیہ بھر سے عہدیداروں نے شرکت کی۔اس موقع پر مقامی گلوکارہ نے اپنی سریلی آواز سے خواتین کو خوب محظوظ کیا۔

چیئرپرسن اپوا برمنگھم برانچ رفعت مغل کی میزبانی میں ہونے والی تقریب میں اپوا یوکے کی چیئرپرسن سیمی اعوان نے اپنی ٹیم کے ساتھ خصوصی شرکت کی اس موقع پر خواتین رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کورونا لاک ڈاؤن خاتمے کے بعد خواتین کو تناؤ سے بچانے کیلئے انہیں مختلف سماجی پروگرامات میں لا کر ذہنی سکون کے لیے وقت دینا ہو گا اس سلسلے میں اپوا نے یہ پہلا قدم اٹھایا ہے۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کی خواتین کے حقوق اور ان کو تمام تر سہولیات دینے کے لیے مختلف پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، گھروں میں خواتین کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کو حقوق سے آگاہی دینے کے لیے اپوا خواتین کے لیے سیمنارز کا انعقاد کرے گی تاکہ ذہنی تناؤ سے نجات حاصل کرکے خواتین معاشرے میں اسلام کے مطابق بہترین زندگی گزار سکیں ۔ان کو اسلام کے مطابق مقام دلوانے کیلئے کوشاں ہیں۔

اپوا کی خواتین رہنمائوں کا کہنا تھا کہ گھریلو تشدد اور خاندان کی ناچاقیوں سے ہماری نوجوان بچیاں بے راہ روی کا شکار ہو کر جرائم کی طرف جا کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے چلی جاتی ہیں اور جیل سے نکل کر وہ خواتین ذہنی تناؤ کا شکار ہو جاتی ہیں، ایسی خواتین کے لیے اپوا یوکے بھر میں ان کو معاشرے میں اچھا مقام دلانے اور اعتماد بحال کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ دوران تقریب خواتین نے ملکر اپوا کا کیک بھی کاٹا۔

50% LikesVS
50% Dislikes