عمران خان کے ویژن کی تقویت کیلئے اوورسیز کمیونٹی بھرپور سپورٹ کرے؛ پی ٹی آئی رہنما – Kashmir Link London

عمران خان کے ویژن کی تقویت کیلئے اوورسیز کمیونٹی بھرپور سپورٹ کرے؛ پی ٹی آئی رہنما

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) عمران خان کے ویژن اور نظریے کی تقویت کے لئےضروری ہے کہ اوورسیز کمیونٹی پی ٹی آئی کو جوائن کرے، عمران خان کو پاکستان بچانے کے لئے ہمارا ساتھ چاہئے لیکن یہ ساتھ پی ٹی آئی کی ممبرشپ حاصل کرکے ہی دیا جاسکتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم عمران خان کا ساتھ دے کر پاکستان کوکرپٹ ٹولے سے محفوظ کریں۔ ان خیالات کا اظہار برمنگھم میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما خواجہ انعام الحق نامی کی نظامت و میزبانی میں پی ٹی آئی ممبرشپ کے لئے منعقدہ روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کیاگیا۔برمنگھم میں منعقدہ اس تقریب میں برمنگھم سمیت مڈلینڈ زبھر سےبڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

انعام الحق نامی نے شرکاء کو بتایا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم زبانی جمع و خرچ اورسوشل میڈیا پر سپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی ممبرشپ لیں ہمارا مقصد اورمنشور عمران خان کاساتھ دے کرپاکستان کوبچانا ہے۔ پاکستان پر مسلط کسی بھی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ہیں ہمیشہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ ممبرشپ کے لئے منعقدہ اس تقریب سے حاجی اکرم گل، چوہدری صادق حسین، آسیہ حسین، انیلہ اسد، آفتاب حمید، زاہد پرویز،چوہدری سعیدگجر، ہارون اختر، ڈاکٹرگل، اسدگوندل، ڈاکٹر محمدخان،ظفر جرال، ظہیر عبا، نوید سلیم، فہمیدہ بلوچ، افراہیم تبسم، سرفراز قیوم اور دیگر مختلف شخصیات نے خطاب کیا۔ مقررین نے زور دیاکہ برطانیہ میں عمران خان کے وژن اور سوچ کے فروغ کے لئے اشد ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ پی ٹی آئی جوائن کریں اور باضابطہ طور پر پارٹی کی رکنیت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جہاں جمہوریت رائج ہے۔ ہماری تمام تنظیمیں جمہوری عمل سے ہی منتخب ہوتی ہیں۔ مقررین نے اوورسیز کمیونٹی کو ووٹ کے حق سے محروم کئے جانے کے فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مسلط حکومت اوورسیزکمیونٹی سے خائف ہے اور انہیں پتا ہے کہ اوورسیز عمران خان کے سپاہی ہیں اس لئے ہمیں ووٹ سے محروم کر دیا گیا۔

انہوںنے مزید کہا کہ مسلط حکومت مہنگائی روکنے میں ناکام ہو چکی ہے آج پاکستان میں جہاں ایک طرف مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے تو دوسری جانب کرپشن اور لاقانونیت کا بازارگرم ہے اب صرف عمران خان ہی پاکستان کو بچا سکتا ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں جرات اور بہادری سے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند کیا ہے۔ عالمی طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے لیکن آج عمران خان کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے نظریے کے ساتھ ہیں۔ ہمارا کسی بھی گروپ یا دھڑے سے تعلق نہیں ہے ہم صرف عمران خان کے سپاہی ہیں۔ اس موقع پر انٹراپارٹی کے حوالے سے لائحہ عمل بھی طے کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مڈلینڈ کے حالیہ انتخابات میں کسی قابل اور سیاسی بصیرت سے مالامال شخصیت کولایا جائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes