برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) دیار غیر میں میلے ٹھیلے ناصرف اچھے لگتے ہیں بلکہ اپنے آبائی وطن کی یاد کو دوبال کردیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ برطانیہ بھر میں ہونے والے ثقافتی شو اور خاص طور پر ایشیائی میلے عوامی پذیرائی کے اعتبار سے پہلے نمبر پر گنے جاتے ہیں۔ برمنگھم میں ہونے والا بگ جانز میلہ بھی اپنی انفرادیت کے لحاظ سے مڈلینڈز کا معروف ترین میلہ سمجھا جاتا ہے جس میں پاکستانی، انڈین، بنگلہ دیشی تارکین وطن بھرپور انداز میں فیمیلیز سمیت شرکت کرتے ہیں۔
بینال ہل پارک برمنگھم میں منعقدہ اس میلے میں بچے، بوڑھے، خواتین اور حضرات دن بھر لطف اندوز ہوتے رہے، مختلف کمیونٹیز کے افراد ٹولیوں کی صورت میں موسیقی پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔پاکستان کے معروف گلو کاروں نے لائیو پرفارمنس سے شرکاء کو خوب محظوظ کیا، برٹش پاکستانی حیدر علی نے پاکستان کا قومی ترانہ سنایاجس کے احترام میں شرکاء کھڑے ہوگئے۔ مایہ ناز گلوکار ابرار الحق اور بلال سعید کی لائیو پر فارمنس نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔اس موقع پر پاکستانی پروڈکٹس کے سٹالز ملبوسات،پاکستان میں پراپرٹی انوسٹمنٹ اور کھانے کے مختلف سٹالز توجہ کا مرکز بنے رہے۔
لارڈمیئرس آف برمنگھم مورین گورنیشن اور قائم مقام قونصلر جنرل آف پاکستان سعدیہ ملک نے بگ جان میلے کے منتظمین بابر صدیق اور جہانگر صدیق کی موجودگی میں میلے کا افتتاح کیا۔ قائم مقام قونصلر جنرل کا کہنا تھا کہ ایک طرف پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی اور دوسرا پاکستان و برطانیہ کی دوستی کے بھی 75 برس مکمل ہوئے ہیں اس لیے یہ ہمارا دوہرا جشن ہے۔ ویسٹ مڈلینڈ فائر بریگیڈ، ایمبولینس سروسز،پولیس، سٹی کونسل کا صفائی والا عملہ اور درجنوں عارضی ٹوائلٹس لگائے گئے تھے برطانیہ بھر سے کثیر تعداد میں مختلف کمیونٹز نے شرکت کی۔
دوسرے روز پاکستانی گلوکاروں عطاء اللہ خان عیسی علوی اور نصیبو لال نے لائیو پرفارمنس سے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔پاکستان ،آزادکشمیر کے جھنڈوں کی بھرمار، ہر طرف سے پاکستان زندہ باد کی صدائیں سنائی جاتی رہیں۔میلے کے دونوں دن عوام کا جم غفیر تھا،اردو پنجابی زبانوں میں میوزک، ڈھول کی تھاپ پر رقص کو سبھی نے خوب انجوائے کیا۔ شرکاء نے بگ جانز میلے کے منتظمین بابر صدیق اور جہانگیر صدیق کے بہترین انتظامات پر ان کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ اس قسم کی ایکٹویٹیز کو جاری رکھنے میں اپنا کر دار ادا کرتے رہیں گے۔