کراس پارٹی کونسلرز کے تعاون سے کشمیر پیس فورم کو فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے؛ چوہدری ماجد اسماعیل

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کی ایگزیکٹو باڈی کا اہم اجلاس چوہدری ماجد اسمعیٰل کی زیر صدارت ہوا جس میں بیرسٹر کرامت حسین چوہدری، کراس پارٹیز کونسلرز کی شرکت اور کشمیر ایشو کو ڈکومنٹیشن کرنے نئی ویب سائیڈ کے اجرا اور کشمیر کے حوالے سے قومی دنوں کی مناسبت سے برطانیہ بھر میں لابنگ زیر بحث رہے۔ اس موقع پر شرکا کو بتایا گیا کہ کشمیر پیس فورم انٹر نیشنل نے برطانیہ میں نئے سرے سے جدید تقاضوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے، نوجوان نسل کی اس مسئلہ سے آگاہی کے لیے برطانیہ بھر میں رابطہ مہم، دورے اور مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔
کانفرنس کاآغاز چوہدری محمد حسین نے تلاوت کلام پاک سے کیا، کانفرنس میں کونسلر محمد ادریس، کونسلر و کیبنٹ ممبر ماجد محمود، کونسلر شفیق شاہ، کونسلر رضوان علی، کونسلر عابد علی، کونسلر ظہیر، کونسلر ذاکر اللہ، کونسلر بابر باز، پارٹی رہنما چوہدری قدیر، چوہدری شہزاد، اشتیاق لہڑی اور محمد حسین اور دیگر شریک تھے۔ کشمیر پیس فورم کے چیئرمین چوہدری ماجد اسمٰعیل، صدر بیرسٹر کرامت حسین اور دیگر عہدیداران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیس فورم کو دوبارہ فعال کرنے کے سلسلے میں نئی مشاورت کا بنیادی مقصد مسئلہ کشمیر کو کراس پارٹی کونسلر اور دنیا بھر میں ویب سائٹ کے ذریعے آپس میں باہمی مشاورت اور کشمیر کے قومی دنوں کی مناسب سے دنیا بھر میں ایک موقف اپناناہے۔
ان رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ اندازے کے مطابق برطانیہ بھر میں کراس پارٹی کونسلرز کی مجموعی تعداد ساڑھے چار سو ہے جن کا تعلق پاکستان اور آزاد کشمیر سے ہے۔ برطانیہ کے چار زونز نارتھ، سائوتھ، لندن سے ایک ایک ترجمان مقرر کیا جائے گا اور ایک زون 24 گھنٹے آن رہے گا اور اَپ ڈیٹ کرے گا۔ ابتدائی طور پر ویب سائٹ ممبران کے درمیان ایک پن نمبر کے ذریعے رابطہ ہوگا اور بعد میں مواد پبلک کیا جائے گا۔
چوہدری ماجد اسمعیل کا کہنا تھا کہ برطانیہ ہمارا دوسرا گھر ہے، مسئلہ کشمیر پر لابنگ کے بہتر نتائج اخذ کیے جاتے ہیں اور برطانیہ سے اٹھنے والی آواز کامیاب ہوتی ہے، ہم اس یقین کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں گے کہ ایک دن مسئلہ کشمیر ضرور حل ہوگا۔ بیرسٹر کرامت حسین کا کہنا تھا کہ چوہدری ریاست کے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران کشمیری حریت رہنما یٰسین ملک کی بے وجہ سزا کے خلاف قانونی دفاعی کمیٹی کا قیام اچھی پیش رفت تھی اور برمنگھم سٹی کونسل لارڈ میئر پارلر میں ہونے والے کونسلر کنونشن میں برطانیہ بھر سے نمائندگی پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہت کامیابی ملی جو ایک سنگ میل عبور کرنے کے مترادف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں