مڈلینڈز اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے قونصلیٹ کی آن لائن میٹنگ، ہائی کمشنر کی خصوصی شرکت – Kashmir Link London

مڈلینڈز اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے قونصلیٹ کی آن لائن میٹنگ، ہائی کمشنر کی خصوصی شرکت

برمنگھم (کشمیر لنک نیوز) اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کی داد رسی کیلئے وازیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایات پر اوورسیز میں قائم سفارت خانے تواتر سے عوامی میٹنگز کرکے تارکین وطن کے مسائل سے آگاہی حاصل کررہے ہیں، اسی سلسلے کا ایک پروگرام برمنگھم قونصلیٹ کے زیراہتمام ہوا جس میں پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔

آن لائن اجلاس میں سیاست‘ صحت ‘ تعلیم‘ کاروبار ، سماجی خدمت اور میڈیا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ڈائسپورا ارکان نے شرکت کی۔ پاکستان کے ہائی کمشنر نے کہا کہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود ان کی ترجیح ہے ۔ انہوں نے شرکا کو مشن اور اس کے قونصل خانے کی مستقل کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا جو وہ کمیونٹی کو موثر انداز میں قونصلر سروسز فراہم کرنے کیلئے کر رہا ہے ۔ ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جاندار کردار ادا کرنے پر بھی اوورسیز کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
ہائی کمشنر نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ کورونا ویکسینیشن میں کسی قسم کی کوتاہی مت برتیں اور اس سلسلے میں پھیلائی جانے والی کسی بھی طرح کی افواہوں اور ڈس انفارمیشن پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کورونا وائرس سے وابستہ وبائی امراض کے چیلنجز پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے ۔ انہوں نے برطانیہ میں ہونے والی مردم شماری میں بھرپور طور پر حصہ لینے پر بھی زور دیا۔

اجلاس کے شرکا نے ہائی کمیشن کی رسائی کی کوششوں کو سراہا اور سروسز کو مزید بہتر بنانے کیلئے مفید مشورے دیئے۔ انہوں نے خاص طور پر تعلیم ‘ صحت اور کاروبار کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے روابط کو فروغ دینے کے بارے میں آئیڈیاز دیئے جن کا ہائی کمشنر نے خیرمقدم کیا اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ اس آن لائن میٹنگ میں قونصل جنرل برمنگھم احمر اسماعیل، مقامی ممبر پارلیمنٹ خالد محمود، ملالہ یوسفزئی کے والد ضیا الدین یوسفزئی، سابق میئر شفیق احمد، کونسلر مریم و دیگر شامل تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes