شہدائے کربلاؓ کا درس ہے کہ بڑی مشکل میں بھی سر کو مت جھکائیں؛ صاحبزادہ ازکیٰ جلال مشہدی – Kashmir Link London

شہدائے کربلاؓ کا درس ہے کہ بڑی مشکل میں بھی سر کو مت جھکائیں؛ صاحبزادہ ازکیٰ جلال مشہدی

بریڈ فورڈ (کشمیر لنک نیوز) یوم عاشورہ کے حوالے سے اہل سادات کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر سید ازکیٰ جلال الدین مشہدی نے کہاہے کہ اسلام کے احیاء کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، امت مسلمہ کو چاہیے کہ دوبارہ علم سے اپنا رشتہ جوڑے اور باطل طاغوتی قوتوں کو واضح پیغام دے کہ ہم حسینؓی راہ کے مسافر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدا کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں برطانیہ بھر سے علماء کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صاحبزادہ پیر سید ازکیٰ جلال الدین مشہدی کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے کربلاؓ نے اسلام کی مٹتی قدروں کو زندہ کیا، یزید کا دور اسلام سے سراسر بغاوت پر مبنی تھا، شہدائے کربلاؓ نے امت محمدیہ ﷺ کو درس دیا کہ جب بھی دین پر مشکلات آئیں بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہ کریں۔

اس موقع پر تحریک عظمت آل و اصحاب رسولﷺ بریڈفورڈ کے سرپرست اعلیٰ علامہ مفتی محمد بشیر طاہر احمد نقشبندی نے حضرت امام عالی مقامؓ و دیگر شہدائے کربلاؓ کی دین اسلام کی سربلندی کیلئے جان و مال کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ امام عالی مقامؓ نے حق کیلئے جان دے کر ساری دنیا کیلئے سنہری اصول قائم کر دیا کہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہوگا چاہے اس کیلئے جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑ جائے۔

کانفرنس سے پیر سید عباس شاہ بخاری ،پیر سید سلطان شاہ مشہدی ،پیر سید سجاد حسین شاہ بخاری ،علامہ نبیل افضل قادری ،پیر سید عابد علی شاہ ،علامہ ساجد علی شامی نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلاؓ کے فضائل بیان کیے۔ معروف نعت خوان عیسیٰ خان نوشاہی ،فیضان عرفانی اور حمزہ اشرفی نے منقبت کی صورت میں ہدیہ عقیدت شہدائے کربلاؓ پیش کی۔ کانفرنس میں خلیفہ اسد ایاز عرفانی ، خلیفہ فیصل عرفانی و دیگر نے خدمات پیش کیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes