دنیا میں امن وسکون صرف آپؐ کے دامن سے وابستہ ہوکر ہی ممکن ہے؛ مولانا عبدالحبیب عطاری – Kashmir Link London

دنیا میں امن وسکون صرف آپؐ کے دامن سے وابستہ ہوکر ہی ممکن ہے؛ مولانا عبدالحبیب عطاری

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز ) دعوت اسلامی بریڈفورڈ کے مرکزفیضان مدینہ میں گریجویشن کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا عبدالحبیب عطاری تھے۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے آقا محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وسلم تمام جہانوں اور تمام زمانوں کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے ۔

دنیا میں امن اورسکون صرف آپؐ کے دامن سے وابستہ ہو کر ہی حاصل ہو سکتا ہے، انسان جس سے محبت کرتا ہے اس کی ہر بات کو مانتا ہے، ہر عمل میں اس کی اطاعت کرتا ہے، اگر ہم رسول اللہ ﷺ سے محبت کریں جو وجہ تخلیق کائنات ہیں تو ہم اس ہستی کی محبت اور اطاعت کا دم بھرنے والے ہوں گےجس نےہمیں اور اس ساری کائنات کو تخلیق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بریڈفورڈ میں دعوت اسلامی کے مرکز سے علما کی ایک بہت بڑی کھیپ تیار ہوئی ہے جو علم کی روشنی کو پھیلائیں گے، اسلامی تعلیمات میں علم اور عالم کی بہت زیادہ اہمیت ہے، کیونکہ عالم کے ذریعے ہی اسلام کی تعلیمات اور قرآن وسنت کے احکامات لوگوں تک پہنچتے ہیں۔

انبیاء عظام اور آئمہ طاہرین کے بعد دین کے اصل وارث یہی علماء ہیں، روایت میں عالم کو شہدا سے بھی زیادہ افضل قرار دیاگیا ہے، ایک عالم کو علم کے ساتھ ساتھ باعمل ہونا چاہیے گفتا ر کے غازی کے ساتھ ساتھ کردار کا غازی بھی بننا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی ذمہ داری ہے، نوجوان علما جنہوں نے آج گریجویشن مکمل کی ہے کو یہ عزم و حوصلہ لے کر اٹھنا ہوگا کہ وہ ان نوجوانوں کی، گناہوں کے تلاطم میں پھنسی ہوئی کشتی کو ساحل سکون تک پہنچائیں گے، اپنی خلوتوں اور جلوتوں کی حفاظت کریں گے، اپنے باطن اور ظاہر کو پاکیزہ رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی پوری دنیا میں نوجوانوں کے لیے ایک انقلابی پروگرام رکھتی ہے۔

آج برطانیہ میں بیس سے زیادہ دعوت اسلامی کے سینٹر قائم ہو چکے ہیں، جہاں سے دنیا بھر کے طلباء علم دین حاصل کرنے کے بعد علم کی روشنی کو پھیلا رہے ہیں، دعوت اسلامی کا پیغام ہمیشہ امن محبت اور رواداری رہا ہے، اس موقع پر گریجویشن کی تکمیل کرنے والے 32 علماء اور اور چار حفاظ کرام کی دستار فضیلت اور سند فراغت سے نوازا گیا، دستار فضیلت کی اس تقریب میں مفتی مولانا شمس الہدیٰ ،علامہ قاری قمر جمیل عطاری ، حافظ ظہیر اقبال نقشبندی ، علامہ محمد عظیم کے علاوہ مقامی علما کی بڑی تعداد مو جود تھی۔

علما جنہوں نے گریجویشن مکمل کی، ان میں شعبان حسین ،حسنین احمد ،بلال آکاش علی ، محمد امین الدین ،محمد اویس من،محمد عبید واجد ،شعیب اورنگ زیب ،قاسم خان ،محمد مجاہد واصف ،سید منیب الحسن ،محمد عثمان احمد ،محمد سفیان جاوید ،محمد افتخار شیخ ،محمد مرتضیٰ علی ،نکال شیر ،ہارون خادم ،داود حنیف ،سید محمد آصف رضا،محمد سفیان ،حمزہ حسین ،حیدر علی ،عثمان مغل ،محمد الفت علی ،محمد ارسلان سلطانی ،ہارون سکندر ،محمد قاسم ،محمد اویس ،اعزاز حسین ،محمد عتیق عزیز اور معین حسین جبکہ حفظ کی تکمیل کرنے والے چار طلباء حافظ فیضان رضا جمیل ،حافظ بلال ،حافظ احسان نذیر اور حافظ وہاب احمد کو بھی اسناد پیش کی گئیں، گریجویشن مکمل کرنے والے علماء اور حفاظ کرام کو شرکاء نے ہار پہنا کر مبارک باد دی، تقریب کا اختتام درود سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا ،درود و سلام کی سعادت اور خصوصی دعا حضرت مولانا عبدالحبیب عطاری نے کی ۔

50% LikesVS
50% Dislikes