برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کی تنظیم ڈومال کھڑی بیرل سوسائٹی کا اجلاس، بانی پاکستان کو خراج عقیدت – Kashmir Link London

برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کی تنظیم ڈومال کھڑی بیرل سوسائٹی کا اجلاس، بانی پاکستان کو خراج عقیدت

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) آزاد کشمیر کے علاقے کے برطانیہ میں قیام پذیر رہائشیوں کی تنظیم ڈومال اینڈ کھڑی بیرل سوسائٹی کا اجلاس مقامی تعلیمی سنٹر میں ہوا۔ صدارت راجہ محمد اقبال نے کی۔ الحاج محمد اسلم مغل کی تلاوت اور نعت شریف سے شروع ہونے والے اجلاس میں سوسائٹی کے بانی خواجہ علی اکبر نے سوسائٹی کے اکاؤنٹس کے اکائونٹس پیش کرتے ہوئے ممبران کو خرچ اور آمدن کی تمام تر تفصیلات سے آگاہی دی۔

انکا کہنا تھا کہ سوسائٹی کو گزشتہ دو برس میں میتوں کی تدفین کی مد میں 33ہزار 807پونڈ کے اخراجات اٹھانے پڑے جب کہ 2019 میں 14 ہزار 375 پونڈ جب کہ سال 2018 میں تدفین کے لیے اخراجات صرف 5ہزار 575تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے کمیونٹی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اب اومی کرون کی نئی وبا سے مزید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے کہا کہ سوسائٹی کی خدمات کے لیے اب نوجوانوں کو آگےآنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ سوسائٹی کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ڈومال اورکھڑی سوسائٹی 70 کی دہائی سے اپنی مدد آپ کے تحت کمیونٹی کے لیے اپنی خدمات پیش کر رہی ہے،ممبران کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سوسائٹی کو علاقوں کی سطح پر دو حصوں میں تقسیم کرنے کافیصلہ کیا گیا تاکہ اس کے انتظامی معاملات آسانی سے چلائے جا سکیں۔

اس موقع پر خواجہ اکبر کی پانچ دہائیوں سے سوسائٹی کے لیے خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ساتھ ہی گزشتہ دو برس میں ہونے والی اموات پر مرحومین کی روح کو ایصال ثواب، پاکستان اور امت مسلمہ کے استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ دوران تقریب تقریب میں بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے146 ویں یوم پیدائش کے موقع پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا اہل پاکستان پر احسان عظیم ہے کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد، خودمختار ریاست کے قیام کے لئے بھر پور جدوجہد کی جس کے نتیجے میں برصغیر کےمسلمان مسلم لیگ کے جھنڈے تلے یکجا ہوئے، قائد اعظم محمد علی جناح ایک عہد آفرین شخصیت، عظیم قانون دان، بااصول سیاستدان اور بلند پایہ مدبر تھے، ان میں غیر معمولی قوت عمل اور غیر متزلزل عزم ارادےکی پختگی کے علاوہ بے پناہ صبر و تحمل اور استقامت و استقلال تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes