میاں نواز شریف بھی قائداعظمؒ کی طرح پاکیزہ کردار کے مالک سچے عاشق رسول ہیں؛ مسلم لیگ ن یارکشائیر – Kashmir Link London

میاں نواز شریف بھی قائداعظمؒ کی طرح پاکیزہ کردار کے مالک سچے عاشق رسول ہیں؛ مسلم لیگ ن یارکشائیر

بریڈفورڈ (محمد فیاض بشیر) پاکستان مسلم لین ن یارکشائیر کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کا اہتمام چوہدری اعجاز اور راجہ محمد عرفان بگھاروی نے کیا تھا جس میں اہم پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی اور قائدین پاکستان سے اپنی محبت اور یگانگت کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد محمود فراشوی نے کہا کہ قائداعظمؒ نے ایک نئی اسلامی مملکت کو دنیا کے نقشے پر ابھار کر ایک عظیم کارنامہ انجام دیا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی شخصیت کا ہر پہلو ایک روشن مثال ہے قائد اعظم ؒ ایک سچے، کھرے اور راسق العقیدہ مسلمان تھے۔ انہوں نے برصغیر میں رہنے والی بکھری ہوئی مسلم قومیت کو اسلام کے آفاقی پیغام کی دعوت دے کر ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، انہوں نےکہا کہ میاں محمد نواز شریف محسن پاکستان ہیں، انہوں نے قائداعظمؒ کے پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیےایٹمی دھماکوں کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے وہ کام کیے جو کوئی دوسری جماعت نہ کر سکی، میاں نواز شریف بھی قائداعظمؒ کی طرح ایک پاکیزہ کردار کے مالک اور ایک سچے عاشق رسول ہیں۔

تقریب کے میزبان چوہدری اعجاز نے کہا کہ اب وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف پھر سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے سفر کو ایک بار پھرشروع کریں گے، میاں نواز شریف کے تمام مخالفین ریت کی دیوار ثابت ہوکر منہ کے بَل گرجائیں گے جو22کروڑ عوام سے جھوٹ بول کر انہیں دھوکہ دے رہے ہیں۔ سینیئر پارٹی رہنما پروفیسر راجہ مصدق خان نے کہا قائداعظم نے دو قومی نظریہ پیش کر کے مسلم دنیا کی پہلی نظریاتی ریاست کے طور پر پاکستان حاصل کیا، ان کا مسلمانوں کے لیے ایک الگ خطے کا مطالبہ بنیادی طور پر ایک ایسی سرزمین کا حصول تھا جہاں مسلمان اسلامی ضابطہ حیات،اپنی روایات اور اسلامی قانون کے مطابق زندگی گزار سکیں ،میاں محمد نواز شریف ایک اصول پسند رہنماہیں، انہوں نے پاکستان کوہمیشہ بحرانوں سے نکالا، اب بھی ملک کو ان کی ضرورت ہے۔

اپنے خطاب میں کونسلر محمد شفیق نے کہا کہ ملک کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق چلانے کے لیے ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے کہ ملک میں بسنے والے ہر انسان کو مکمل تحفظ اور آزادی حاصل ہو ۔تقریب سے راجہ رب نواز ، صوفی محمد امین ،صابر حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر قائد اعظم اور میاں محمد نوازشریف کے یوم پیدائش کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes