ذکر الٰہی اور نیک لوگوں کی محافل شیطان کے شر سے محفوظ رکھتی ہیں؛ پیر منور حسین شاہ جماعتی – Kashmir Link London

ذکر الٰہی اور نیک لوگوں کی محافل شیطان کے شر سے محفوظ رکھتی ہیں؛ پیر منور حسین شاہ جماعتی

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) بریڈفورڈ کے ادارہ انوار الاسلام میں ماہانہ درس تصوف کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین و جانشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کی اور اپنے خصوصی خطاب سے حاضرین کے قلوب کو عشق الٰہی سے منور کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نےکہا کہ دل کا سکون اللّٰہ کے ذکر میں ہے، انسان پوری دنیامیں سکون کی تلاش کر لے نہیں ملے گا،کیوں کہ حق تعالیٰ نے خود بتا دیا کہ دل کا سکون میری یاد میں ہے،جب دل میں سکون ہوگا تو ظاہراً بھی طمانیت جھلکتی نظرآئے گی جبکہ شیطان ہمیشہ انسان کو ورغلاتا ہے اور اسے اللّٰہ کی یاد سے غافل کرکے انسان کو گناہوں میں دھکیل دیتا ہے۔ جو لوگ ہر وقت یاد الٰہی اور نیک لوگوں کی مجلس میں رہتے ہیں اللّٰہ تعالیٰ انہیں شیطان کی شر سےمحفوظ کر دیتا ہے۔

پیر جماعتی کا مزید کہنا تھا کہ اولیا کاملین ہمیشہ اللّٰہ کے ذکر سے لوگوں کے دلوں کو منور کرتے ہیں، اولیاءکاملین اور صوفیائے کرام نے اپنی تعلیمات میں اللّٰہ سےمحبت پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ تصوف دن رات اللّٰہ تعالیٰ کی عبادت وبندگی کرنے اوراس کی بارگاہ میں توبہ واستغفار کرنے کا نام ہے، اسی سے دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، ہمیں ہر وقت خاتمہ باالایمان کی فکر کرتےرہنا چاہیے جو شخص اللّٰہ کے ذکر کو تسلسل کے ساتھ کثرت سے کرتا رہے تو ایسا شخص خاتمہ بالایمان کی سرفرازی پالیتا ہے۔

کثرت ذکر اللّٰہ کے لیے صحبتِ اہل اللّٰہ ضروری ہے، اولیاء اللّٰہ کی مجالس میں اصلاح عقائد واعمال کی غرض سے طلب علم کی نیت سے شریک ہوتےرہنا چاہیے،اس بابرکت عبادت کی مبارک عادت میں موت کے وقت انسان کے حسن خاتمہ کی ضمانت ہےکثرت سے ذکر اللّٰہ کرنے والے کو اللّٰہ کریم آخر وقت میں کلمہ طیبہ نصیب فرماتے ہیں تقریب سے سید نعمان حسین شاہ جماعتی اور سید رشید حسین شاہ جماعتی نے نعت شریف کے نذرانے پیش کیے۔

50% LikesVS
50% Dislikes