بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز ) مسلم لیگ ن کے ایم پی اےچوہدری اختر علی خا ن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ہوں یا عام انتخابات پورے پاکستان سے اب پی ٹی آئی کاصفایا ہو جائے گا، نااہل حکمران جماعت کی خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست سے ثابت ہو گیا کہ یہ حکومت جعلی ہے، ملک میں بدترین مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، فارن فنڈنگ کیس میں حقائق سامنے آنے کے بعد ثابت ہو گیا کہ حکمرا ن خود بد عنوان ہیں۔
گزشتہ کئی سال سے وہ اپنی اس چوری کو چھپاتے رہے،اب ان کے مزید فراڈ بہت جلد سامنے آئیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بریڈفورڈ میں ممتاز عالم دین علامہ حنیف ساقی کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتےہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مری میں ہونے والی اموات صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہیں مری واقعے کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئے ،انہوں نے کہاکہ دوسروں کا احتساب کرنے والے عمران خان خود تلاشی دینے سے بھاگ رہے ہیں،اوورسیز کمیونٹی وطن عزیز کا اثاثہ ہے، ان کے دل وطن عزیزکیلئے دھڑکتےہیں، اوورسیز کمیونٹی نے دیار غیر میں اپنی اقدار اوردینی تشخیص کو ہمیشہ زندہ رکھا۔
اس موقع پر علامہ حنیف ساقی نے کہا کہ چوہدری اختر علی خان ایم پی اےکی نہ صرف عوامی بلکہ اس خاندان کی دینی خدمات بھی بے مثال ہیں۔ استقبالیہ کی تقریب سے علامہ پیر سیدغلام دستگیر حسین شاہ ، پروفیسر محمد ایاز قریشی ،چوہدری شاہد رفیق اعوان، حافظ ضیا مشتاق ،محمدسعید ، شاہد دانش ،حاجی یوسف ،اعجاز رتیال،چوہدری عتیق پہلوان ،حبیب الرحمن ، رانا ذوالفقار اوردیگر نے بھی اظہار خیالات اور شرکت کی ۔