سیدنا ابو بکر صدیق عشقِ مصطفی میں وہ مقام رکھتے ہیں جہاں کوئی دوسرا نہ پہنچ سکا؛ پیر حبیب الرحمٰن محبوبی – Kashmir Link London

سیدنا ابو بکر صدیق عشقِ مصطفی میں وہ مقام رکھتے ہیں جہاں کوئی دوسرا نہ پہنچ سکا؛ پیر حبیب الرحمٰن محبوبی

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) جامعتہ الصفتہ الاسلام میں منعقدہ گیارہویں شریف کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے آستانہ عالیہ فیض پور شریف کےسجادہ نشین پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے کہا ہے کہ آج کے پر فتن دور میں ہمیں ان عقائد پر کاربند اور اعتدال پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو صدیوں سے ہمارے اکابرین اور بزرگوں نے اپنی تعلیمات میں ہم تک پہنچائے، آج پوری دنیا حضرت غوث اعظم رحمتہ اللہ علیہ کے نام پر گیارہویں شریف کی صورت میں نیاز دیتے ہیں اور کھاتے بھی ہیں، ہمیں ان کی تعلیمات پر بھی عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ اس میں اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنھم کے بارے میں ہمارا وہی عقیدہ ہے جو ہمارے بزرگوں اور اسلاف کا صدیوں سے رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الجامعہ صفتہ الاسلام بریڈفورڈ میں جلسے سے صدارتی خطاب کرتے ہوئےکیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ ہو بلا شبہ افضل وبشر بعد الانبیاء ہیں، قرآن کریم نے آپکو”ثانی اثنین“ کہا تو یہ بے موقع و بے محل نہ کہا، واقعی آپ حضورﷺ کے ایسے ثانی تھے، جن کاثالث اللہ تعالیٰ کی ذات خود ہے، جب تاجدار انبیاءﷺ نے اعلان نبوت فرمایا اور لوگوں کو دین اسلام کی نصرت و حمایت کی طرف بلایا تو سب سے پہلے اس دعوت پر لبیک کہنے والے سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ ہی تھے۔

پیر محبوبی کا مزید کہنا تھا کہ سفر ہو یا حضر، امن ہو یا جنگ، محب و محبوب پہ ہمیشہ ”ثانی اثنین “کا ہی جلوہ نظر آ رہا ہے،حضور پاک کی اس دنیا سے ظاہری پردہ پوشی کے وقت جب تمام صحابہ کرام غم سے نڈھال تھے، حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی وہ واحد ہستی تھی، جنہوں نے اس وقت امت کو سنبھالا ،سیدناصدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ نے حضور صلی اللہ و علیہ وسلم کا آخری دیدار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاتھا کہ یا رسول اللہ ایک موت آچکی ہے مگر آپ کے مشن کی موت کبھی نہیں آنے دوں گا، آج بلا شبہ دین اسلام سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عظیم کارناموں اور قربانیوں ہی سے زندہ جاوید ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes