اوورسیز میں پاکستان کی ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے بریڈفورڈ میں نیزہ بازی کے شاندار مقابلے – Kashmir Link London

اوورسیز میں پاکستان کی ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے بریڈفورڈ میں نیزہ بازی کے شاندار مقابلے

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) اوورسیز میں وطن عزیز پاکستان کی ثقافت کو زندہ رکھنے والوں نے لٹل پاکستان بریڈفورڈ میں نیزہ بازی کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کرایا جسے ملک بھر سے کھیل کے شائقین کی بڑی تعداد نے دیکھا۔ مقابلوں میں برطانیہ بھر سے 8کلبس کے 60سے زائدگھڑ سواروں نے خوبصورت لباس پہن کر اپنے گھوڑوں کو سر پٹ دوڑاتے ہوئےاپنی مہارت کے جوہر دکھائے، ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں کی دلچسپ چال نے کھیل کو پُر رونق بنادیا ،نیزہ بازی کے نمائشی میلے کا اہتمام چیئرمین کلب نے کیا تھا، مقابلوں میں میزبان کلب کے علاوہ غازی حیدری نیزہ باز کلب ،پنجاب لانسرز،پوٹھوار حیدری کلب یوکے ،کشمیر کانسرز،بریڈفورڈ لجپال کلب،گجر کلب برطانیہ اور علی لجپال کلب یوکے نے حصہ لیا۔

بہترین کارکردگی دکھانے والے نیزہ بازراجہ عروج کیانی،چوہدری زین زمان گجر،چوہدری سمیع اللہ گجر قرار پائے، جنہوں نے اپنی مہارت کے جوہر دکھائے، نیزہ بازی کے مقابلوں میں بریڈفورڈ لجپال کلب،پوٹھوار حیدری کلب یوکے اور علی لجپال گروپ یوکے فاتح رہے، اس موقع پر میزبان چیئرمین کلب کے راجہ کامران کاکہنا تھا کہ برطانیہ میں اس کھیل کو آرگنائز کرنا کوئی آسان نہیں،اپنی مدد آپ کے تحت اس مہنگے کھیل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

برٹش پاکستانی نوجوانوں میں اپنے وطن کی ثقافت روشناس کرا رہے ہیں چیئرمین راجہ الطاف خان اور دیگر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مثبت سرگرمیوں کی جانب توجہ دینی چاہئے اس کھیل میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا مقصد یہی ہے کہ برطانیہ میں نوجوان نسل کا رجحان مثبت سرگرمیوں کی طرف رہے،انہوں نے کہا برطانیہ میں پاکستان کے ثقافتی کھیل نیزہ بازی میں برٹش پاکستانی نوجوانوں کی دلچسپی خوش آئند ہے، نیزہ بازی میلہ دیکھنےکے لیے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ انگریز کمیونٹی کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے نیزہبازی کے اس کھیل کو سراہا ۔

50% LikesVS
50% Dislikes