علمائے کرام کا الفیض ٹرسٹ کے ماتحت قائم کردہ ادارے کا دورہ، تعمیروترقی کا جائزہ لیا – Kashmir Link London

علمائے کرام کا الفیض ٹرسٹ کے ماتحت قائم کردہ ادارے کا دورہ، تعمیروترقی کا جائزہ لیا

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) شیفیلڈ اور بریڈفورڈ سے آئے ہوئےعلمائے کرام نے الفیض ٹرسٹ کے ماتحت قائم کردہ ادارے کا وزٹ کیا اور تعمیر و ترقی کا جائزہ لیا۔ وسیع و عریض پارکنگ اور ملحق زمین جو مستقبل میں کئی منصوبوں کے کام آسکتی ہے کے بارے میں علمائے کرام نے نہایت مسرت اور خوشی کا اظہار کیا اور اسے آنے والی نسلوں کے لئے بہترین سرمایہ قرار دیا۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں الفیض ٹرسٹ جیسے دینی اداروں کا قیام اور توسیع خوش آئند ہے۔ایسی معروف لوکیشن پہ اتنی وسیع جگہ کا دینی امور کے لئے وقف کیا جانا خاص فضل ربانی اور بزرگوں کے فیضان کا اثر ہے۔ اس پہ پوری کمیونٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔ برطانیہ کی سرزمین پہ ایسے اداروں کی اشد ضرورت اور احتیاج ہے۔

وفد میں علامہ محمد علی شرقپوری، علامہ پروفیسر سلیم اختر، علامہ محمد حنیف ساقی اور علامہ قاری شبیر حسین نظامی شامل تھے ۔ علامہ محمد سجاد رضوی نے معزز دینی رہنماوں کی تشریف آوری پہ اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اسے باعث رحمت و برکت قرار دیا اور ایسی پاکیزہ ہستیوں کی سرپرستی اور تائید کو ادارے کے روشن مستقبل کی ضمانت ٹھہراتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ بھر کے جید علمائے کرام نے نہ صرف مبارکباد کے پیغامات بلکہ عملی تعاون بھی پیش فرمایا، اس پر تمام علماو خطبا اور بالخصوص وفد میں شریک معززین کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ اخلاص و محبت سے مزین عوام کی سخاوت اور مالی تعاون پہ انھیں جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔علمائے کرام کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes