بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) یارکشائر ادبی فورم کے زیراہتمام گیارہویں انٹرنیشنل مشاعرے اور غزل کی رنگا رنگ محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر اور بریڈفورڈ طارق وزیر اور ابرار حسین خان کے علاوہ شاعری سے شغف رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ پاکستان سے ناصرہ زبیری اور بشریٰ ملک ،امریکہ سےخالد عرفان، فرانس سے سمن شاہ اور جرمنی سے عاطف توقیر کے علاوہ برطانیہ کے مختلف شہروں سے شعراء اور شاعرات نے محفل مشاعرہ میں حصہ لیا۔
مشاعرہ کی نظامت یارکشائر ادبی فورم کی چیئرمین غزل انصاری ، وائس چیئرمین تسنیم حسن نے کی ۔مشاعرے کا آغازیارکشائر ادبی فورم کے روح رواں اشتیاق میر نے حمد اور مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کیا۔ مشاعرے کی صدارت بریڈفورڈ کے بزرگ شاعر ڈاکٹر مختارالدین نے کی۔ اس موقع پر بریڈفورڈ کے قونصل جنرل ابرار حسین نے تمام شعراء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی شاعری کی تعریف کی۔ لٹریچر فیسٹیول کی صائمہ اسلم نے فیسٹیول کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
منتظمین ،حاضرین اورمہمانوں کا کہنا تھا کہ ایسے ادبی پروگرامز کا انعقاد ادب کی ترویج اور ثقافت کی تشہیر کیلئے بہت ضروری ہے، نئی نسل کو اپنی اقدار سے جوڑے رکھناضروری ہے، اس موقع پربرطانیہ اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے شعراء اور شاعرات تسنیم حسن ،سمعیہ ناز ،فاروق احمد ،ممتاز علی،محمود راشد ،منان قدیر منان ،گل ناز کوثر ، عبدالغفور کشفی ،نغمانہ کنول ،نعیم حیدر ،ڈاکٹر ثاقب ندیم، ڈاکٹر قیصر زیدی ،محمود پاشا ،سمن شاہ ،عاطف توقیر ، ناصرہ زبیری ،خالد عرفان اورڈاکٹر مختارالدین نے اپنے کلام پیش کرتے ہوئے حاضرین سے داد وصول کی۔ تقریب کے آخرمیں پاکستان کے مایہ ناز گلوکار رفاقت علی خان نے منفرد گائیکی سےشائقین کو محظوظ کیا ۔