سردار ابراہیم خان کو پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نوازا جائے؛ برسی کے موقع پر مطالبہ

بریڈفورڈ (محمد فیاض بشیر) خطہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے شمار ایسی ہستیاں ہیں جن کا کردار نہ صرف سیاستدانوں بلکہ پوری قوم کے لئے مشعل راہ ہے ،غازی ملت نے اصولوں کی سیاست کی اور ہمیشہ کشمیریوں کے موقف کے لئے بھرپور انداز میں اپنا تاریخی کردار ادا کیا، ان خیالات کا اظہار مقررین نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان اور مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی برسی کی یاد میں ہونے والی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں کیا۔

تقریب کا اہتمام جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم نے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں کیا جس کی صدارت سردار عبدالرحمٰن خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی ریٹائرڈ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر جسٹس محمد اعظم خان تھے۔ مقررین میں شیڈو منسٹر بیرسٹر عمران حسین ایم پی،راجہ نجابت حسین، سینئر وائس چیئرمین اے پی پی جی کشمیر، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ شفاق محمد، کونسلر گوہر الماس،شاہ محمد کھوکھر، ثمینہ خان، عبید الرحمان قریشی صدر یوتھ پارلیمنٹ، کونسلر کوثر مختار، سالار ممتازچشتی شامل تھے سابق لارڈ میئر چوہدری رنگ زیب، چوہدری محمد بشیر رٹوی ،کونسلر صبیحہ خان ، آصف نسیم راٹھور و دیگر شامل تھے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کے نامور ہیرو، غازی ملت سردار ابراہیم خان اور مجاہد اوّل سردار عبدالقیوم خان جو کشمیر ہی نہیں بلکہ پاکستان کی سطح کی ایک عظیم اور ہمہ جہت شخصیت تھے جہنوں نے نہ صرف عسکری میدان میں کارہائے نمایاں سر انجام دیے بلکہ سیاسی اور سفارتی محاذ میں بھی وہ اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہے آج ہمیں اپنی نوجوان نسل کو تحریک آزادی کشمیر کے ان ہیرو کےعظیم کردار سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے۔

مقررین نے غازی ملت اور مجاہد اوّل کے ساتھ ساتھ کے ایچ خورشید کی قومی و سیاسی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے شمار ایسی ہستیاں ہیں جن کا کردار نہ صرف سیاستدانوں بلکہ پوری قوم کے لئے مشعل راہ ہے ،غازی ملت نے اصولوں کی سیاست کی اور ہمیشہ کشمیریوں کے موقف کے لئے بھرپور انداز میں اپنا تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ غازی ملت سردار ابراہیم خان کی تحریک آزادی کی جلائی ہوئی شمع کو ہمیشہ روشن رکھا جائےگا۔

اس موقع پر مقررین نے مطالبہ بھی کیا مسئلہ کشمیر کو برطانوی اور یورپی ایوانوں میں پوری قوت سے اٹھایا جائے عالمی برادری بھارت سے تجارت سے پہلے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھے۔ کانفرنس میں ایک قرارداد کے ذریعے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ سردار ابراھیم خان جو کشمیر کے ہیرو ہیں انہیں پاکستان کے سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں