تعلیم برائے امن اور نسل پرستی کے خاتمے کے بغیر معاشرے کی یکجہتی ممکن نہیں؛ انٹرنیشنل امن کانفرنس

بریڈفورڈ (کشمیر لنک نیوز) کسی بھی معاشرے میں نسل پرستی اور دہشت گردی سے انسانیت کو درپیش خطرات کو ختم کرنے کے لیے با ہمی رواداری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔بالخصوصرنگ ونسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک دنیا کی ترقی اور امن کے قیام میں اہم رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار امن کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار میں مختلف رنگ، نسل اور مذاہب کے مقررین نے کیا۔جن میں لارڈ مئیر آف بریڈفورڈ ، کونسلرز ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان اور مذہبی رہنما شامل تھے۔ تقریب کا اہتمام گلوبل پیس جرنی نے کیا تھا۔

تنظیم کی آرگنائزر حنا ماجد نے کہا کہ گلوبل پیس جرنی تنظیم جو 2017 میں بریڈ فورڈ میں شروع کی گئی تھی کا مقصد پورے معاشرے میں امن کو فروغ دینے کے لیے کمیونٹی اور قوم کو اکٹھا کرنا ہے اور یہ تعلیم برائے امن اور نسل پرستی کے خاتمے کے بغیرممکن نہیں۔ اس موقع پر انہوں نے آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ اپنےشاہی عظمت کے دور میں استحکام کی علامت تھی امن کو فروغ دینے کے لیے ان کی لگن کبھی نہیں رکی۔ ملکہ نے برطانیہ اور دولت مشترکہ میں مذہبی تنوع اور رواداری کو تسلیم کیا۔وہ ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کاپیغام دیتی رہی ہیں۔

تقریب سے لارڈ مئیر آف بریڈفورڈ مارٹن لو ، ویسٹ یارکشائر پولیس کے چیف کانسٹیبل جان رابنز،ڈپٹی قونصل جنرل شعیب مبارک ، ویسٹ یارکشائر پولیس کے سپرنٹنڈنٹ رچرڈ پیڈویل ، مذہبی رہنما نرمل سنگھ، رویندر دھانی، سید مولانا ابرار حسین نقوی ، بریڈ فورڈ کیتھیڈرل کے اینڈی، رفیق سہگل ، کونسلرگوہر الماس خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے گلوبل پیس آف جارنی تنظیم کی سوسائٹی میں امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انکا کہنا تھا کہ اس تنظیم نے بریڈ فورڈ کونسل اور ویسٹ یارکشائر پولیس کے تعاون سے مسائل کو پہچاننا اور محفوظ طریقے سے حل کی پیش رفت کی۔