اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹر سوریا بی کا ڈیزائن کردہ انڈیکس ایک بہترین دستاویز ہے؛ ناز شاہ

لندن (عمران راجہ) برطانیہ میں اسلاموفوبیا کے حوالے سے پارلیمنٹ ہائوس میں ایک بہترین دستاویز لانچ کرنے کی تقریب کے بعد ناز شاہ ایم پی نے اس انیشی ایٹو کی محرک ڈاکٹر سوریا بی کی خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں ڈاکٹر سوریا بی کا ڈیزائن کردہ اسلامو فوبیا انڈیکس اور پراسیکیوشن ایک بہترین دستاویز ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ وہ خود پراسیکیوشن پاتھ ویز کو وسیع پیمانے پر پھیلانے کیلئے مساوات ایکٹ ریویو اور یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پُر عزم ہیں۔
ناز شاہ ایم پی کا کہنا تھا کہ اس سال 2022 میں برطانیہ میں اسلامو فوبیا مذہبی نفرت پر مبنی جرائم کی سب سے عام شکل ہے، خاص طور پر پولیس کو رپورٹ کیے گئے تمام مذہبی نفرت انگیز جرائم میں 42 فیصد مسلمانوں کے خلاف حملے تھے لیکن اسلاموفوبیا اور اسلاموفوبک حملوں کو سزا دینے کی حقیقی کوششیں اس قدر کمزور ہیں کہ استغاثہ اور سزاؤں کےاعداد و شمار مکمل طور پر غائب ہیں، اس لیے اسلامو فوبیا کی پیمائش اور رپورٹنگ میں ایک اہم فرق ہے جوکہ اسلامو فوبیا کے کیسز کی تعداد سے مزید بڑھ جاتا ہے جن کی رپورٹ نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ میرے علم کے مطابق، پولیس کو رپورٹ کرنے پراسلامو فوبیا سے نمٹنے کے طریقے فی الحال ایسی معلومات ہیں جو عوامی طور پر دستیاب نہیں ہیں جو مزید سوالات پیدا کرتی ہیں کہ کیا اسلامو فوبیا کے جو واقعات پولیس کو رپورٹ کئے جاتے ہیں ان سے یکساں طریقے سے نمٹا جاتا ہے، کیا مختلف پولیس فورسز کے پاس اسلامو فوبیا کی رپورٹنگ کرنے کے لیے مختلف نقطہ نظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ اسلامو فوبیا کے لٹریچرمیں ایک اہم پیش رفت ہے جو فی الحال ایک تعریف پر پہنچنے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے اگرچہ ایک ورکنگ ڈیفی نیشن کی ضرورت ہےاور ایک اہم نقطہ آغاز ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں ڈاکٹر سوریا بی کا ڈیزائن کردہ اسلامو فوبیا انڈیکس اور پراسیکیوشن پاتھ ویز فارم ایک ایسا ہتھیار ہے جسے متاثرین اور پیشہ ور افراد کسی واقعےکو ریکارڈ کرنے، ایڈریس کرنے اور عمل کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں ،خاص طور پر اسلامو فوبیا کےاشاریہ کے ذریعے حاصل کردہ اسکور کو جج سزا سنانے کے عمل کو مطلع کرنے کیلئے استعمال کر سکتےہیں۔