برطانیہ بھر کی مساجد میں بلا رنگ و نسل اور مذہب خواتین و حضرات کو ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری – Kashmir Link London

برطانیہ بھر کی مساجد میں بلا رنگ و نسل اور مذہب خواتین و حضرات کو ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری

بریڈفورڈ (محمد فیاض بشیر) ویسٹ یارکشائیر میں متعدد کمیونٹی سنٹرز نے اپنی جگہیں کونسلز کو ویکسینیشن کیلئے فراہم کرکے انسان دوستی کا ثبوت دیا ہے، ایسی ہی ایک مثال مرکزی مدنی مسجد ہیلی فیکس بھی ہے جہاں مقامی کونسل کی جانب سے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے بنائی جانے والی ویکسین عوام کو لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

کالڈرڈائیل کونسل میں ہیلی فیکس کی مرکزی جامع مسجد مدنی میں اوپن سرجری کے تحت بلا رنگ و نسل اور مذہب خواتین و حضرات کو ویکسین لگائی گئی۔
میڈیکل سٹاف کے مطابق تقریباً 100 سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی جن میں خواتین اور مرد شامل ہیں اوراکثریت عمر رسیدہ افراد کی تھی۔

میڈیکل ٹیم کے انچارج ڈاکٹر نعیم اختر کا کہنا تھا کہ مسلم کمیونٹی کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ کورونا وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے۔ مرکزی جامع مسجد مدنی کے خطیب علامہ حافظ ابراہیم نے کہا کہ کورونا وائرس کیلئے بنائی جانے والی ویکسین آج میں نے خود بھی لگوائی ہے اور سب مسلم بہن بھائیوں کو چاہئے کہ وہ بھی ضرور ویکسین لگوائیں، اللہ کے فضل سے اس سے شفا ہوگی۔ انہوں نے اس سرجری کا اہتمام کرنے پر لوکل کونسل کا شکریہ ادا کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes