سی پیک کی افادیت کے پیش نظر آج پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری نسلوں تک پھل دیگی؛ طارق وزیر – Kashmir Link London

سی پیک کی افادیت کے پیش نظر آج پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری نسلوں تک پھل دیگی؛ طارق وزیر

مانچسٹر (محمد فیاض بشیر) پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کے سنہری مواقع موجود ہیں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے پاکستان تجارت کی عالمی منڈی بننے جا رہا ہے اگر اس وقت سرمایہ کاروں نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کر لی تو مستقبل قریب میں وہ بڑے پیمانے پر منافع کما سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر میں تعینات قونصل جنرل طارق وزیر نے برطانیہ و پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کرنے والی کاروباری شخصیت رانا امتیاز احمد سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا اس موقع پر مانچسٹر قونصلیٹ میں کمرشل ویلفئیر آفیسر محمد اختر اور مذہبی و سماجی شخصیت محمد اسحاق بھی موجود تھے۔

قونصل جنرل طارق وزیر نے مذید کہا کہ برطانیہ سے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے اور وہ اس بارے انتہائی سنجیدہ ہیں اگر اس وقت سرمایہ کار موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے تو مستقبل میں پاکستان کے اندر اتنی سرمایہ کاری ہو چکی ہو گی کے مذید مواقع میسر نہیں ہوں گے لہذا موقع کی نزاکت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فی الفور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ و پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دیا جا رہا ہے وہ ذاتی طور پر اس بارے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور اگر اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا ہے تو وہ معاونت کے لیے تیار ہیں انکا کہنا تھا کہ برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے ہر برے وقت میں مادر وطن کا ساتھ دیا اور زرمبادلہ کے بڑے ذخائر بھیج کر پاکستان کی معیشت کو استحکام بخشا اب انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع مل رہے ہیں اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

رانا امتیاز احمد نے کہا کہ قونصل جنرل طارق وزیر کی محب الوطنی اور اتنے کم عرصہ تعیناتی کے باوجود انکی برطانیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینا قابل رشک ہے ہم انکے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے تاکہ اس سے ہم منافع کمانے کے ساتھ پاکستان میں روزگار کے مواقع میسر کرنے اور معیشت میں تیزی سے بہتری لانے میں فعال کردار ادا کر سکیں ۔ کمرشل ویلفئیر آفیسر محمد اختر نے بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

50% LikesVS
50% Dislikes