اوورسیز کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے: ہائی کمشنر معظم خان – Kashmir Link London

اوورسیز کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے: ہائی کمشنر معظم خان

لندن ( عدیل خان) یوکے پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے لندن میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان سے ملاقات کی۔ ہائی کمشنر سے ملاقات کے موقع پر منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ شفیق شہزاد بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کو یقینی اور موثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہائی کمشنر آف پاکستان معظم احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں بلکہ کاروباری روابط اور ایک دوسری کے ساتھ تعاون کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن برطانیہ میں مقیم پاکستانی اوورسیز بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے دروازے کمیونٹی بالخصوص بزنس کمیونٹی کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ بہت سی ایسی پروڈکٹس اور اشیا ہیں جن کو پروموٹ کرنے کے لئے ہم سب کو ایک دوسرے کیساتھ مل کر کام کرنا ہے اور پاکستان سے بہت سی ایسی اشیاءلائی جا سکتی ہیں جن کی برطانیہ میں نا صرف ضرورت ہے بلکہ معیار کے لحاظ سے بھی پاکستانی پروڈکٹس بہتر ثابت ہو سکتی ہیں۔
ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم سب کو چاہئے کہ ہم روشن بینک اکاﺅنٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنے دوستوں عزیز رشتہ داروں کو اس بات پر قائل کریں کہ وہ اپنا روشن اکاﺅنٹ کھول کر بے شمار سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔


منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹ منٹ شفیق شہزاد نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کمشنر آف پاکستان کی سربراہی میں ہماری کوشش رہے گی کہ نہ صرف لندن بلکہ تمام کمرشل دفاتر جو پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام کام کر رہے ہیں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں۔ شفیق شہزاد کایہ بھی کہنا تھا کہ اگر بزنس کمیونٹی کو کسی بھی تعاون کی ضرورت ہو تو کمرشل آفس پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ہر وقت ان سے تعاون کےلئے تیار ہے۔

وفد میں شامل صدر یوکے پاکستان بزنس کونسل برطانیہ سلیم شیخ ‘ سینیئر نائب صدر سید نصیر احمد ‘نائب صدر مظفر شیخ ‘ سیکرٹری جنرل اے حق ‘ فنانس سیکرٹری ماریہ سروئیا ‘ انفارمیشن سیکرٹری امینہ احمد ‘ ہیڈ آف ہاسپٹیلیٹی سید شاہ و دیگر نے پاکستان ہائی کمیشن کا اس خصوصی ملاقات پر شکریہ ادا کیا۔
صدر بزنس کونسل سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ بزنس کونسل کا قیام برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کے ساتھ کاروباری روابط کو نا صرف تیز کرنا بلکہ آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔ UKPBC کی ہمیشہ کوشش رہی ہے آئندہ بھی رہے گی کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن سے باہم مل کر پاکستان کے اندر سرمایہ کاری کے موقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر نہ صرف پاکستان کے چھوٹے اور بڑے کاروباری حضرات سے ملوایا جائے بلکہ پاکستان کی مختلف اشیاءبرطانیہ‘ یورپ اور دوسرے ممالک میں بھی متعارف کروائی جائیں۔


انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمارا تعاون ہر وقت ہائی کمیشن لندن اور برطانیہ میں بسنے والی تمام بزنس کمیونٹی کے ساتھ جاری رہے گا۔ملاقات میں وفد کے دیگر افراد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل پاکستان ہائی کمیشن لندن اور تمام اوورسیز بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کےلئے تیار ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes