وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کامیاب دورہ جرمنی، قونصلیٹ کا دورہ اور کمیونٹی سے ملاقاتیں – Kashmir Link London

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کامیاب دورہ جرمنی، قونصلیٹ کا دورہ اور کمیونٹی سے ملاقاتیں

برلن (کشمیر لنک نیوز) پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ جرمنی کو بڑی حد تک کامیاب دورہ قرار دیکر سراہا جارہا ہے۔ یہ سال جرمنی پاکستان دوستی کے ستر سال کا بھی مظہر ہے اس مناسبت سے یہ دورہ بڑا بروقت ثابت ہوا۔

دورے کے اختتام پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور جرمن ہم منصب نے نیوز کانفرنس کی، جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کاخطے میں استحکام کیلئے اہم کردار ہے، افغانستان میں تشدد کے خاتمے اورامن کیلئےمذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔جرمن وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔


پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان جرمن ٹیکنالوجی ٹرانسفر سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ جی ایس پی پلس کے حصول میں جرمنی کے تعاون کے شکر گزار ہیں، پاکستان جرمنی کے ساتھ نئے اقتصادی تعلقات چاہتاہے، ایف اے ٹی ایف کو سیاسی فورم بننے سے بچانےکیلئے جرمنی کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے جرمنی کی طرف سے کورونا ویکسین کی فراہمی پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اس دورہ کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برلن میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن جرمنی اور پشتون آرگنائزیشن یورپ کے وفود نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وفود میں صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن عنصر بٹ سینئر نائب صدر محمد اکرم ،حاجی جاوید قادری ، چوہدری محمد حسین لوسر،چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر ،چیئرمین پشتون آرگنائزیشن یورپ نوید خان ، صدر عرب گل ،محمد جمیل خان اور دیگر ارکان شامل تھے۔

ان ملاقاتوں میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے ،جرمنی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اورپاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے میونخ میں جلد نیا قونصل خانہ کھولیں گے۔

اس سے قبل آمد پر پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل اور سفارتخانے کے عملے نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے قونصلر سیکشن سمیت سفارت خانے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں قائم کیے گئے “فٹ بال کارنر” کا بھی افتتاح کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ امر قابل مسرت ہے کہ جرمنی میں ہر سال پانچ کروڑ فٹبال پاکستان سے درآمد کیے جاتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes