ملکی سطح پرکسی بھی نیک مقصد کا ارادہ کیا جائے تو صحافت کا اس میں اہم کردار ہوتا ہے؛ زبیر حسین – Kashmir Link London

ملکی سطح پرکسی بھی نیک مقصد کا ارادہ کیا جائے تو صحافت کا اس میں اہم کردار ہوتا ہے؛ زبیر حسین

سٹاک ہوم (کشمیر لنک نیوز) سویڈن کے معروف سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ اور پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے مابین خصوصی زوم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سویڈن سے پی پی این ای کے سربراہ زبیر حسین نے کی، کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے زبیرحسین کا کہنا تھا کہ ہمارے ادارے کا مقصد فقط پاکستان کا مثبت چہرہ یورپ میں متعارف کروانا ہی نہیں بلکہ ہم پاکستان بھر میں بھی پاکستانیت کو تقویت بخشنے کے لئے کوشاں ہیں اور جب ملکی سطح پر کسی بھی نیک مقصد کا ارادہ کیا جاتا ہے تو صحافت کا اس میں اہم کردار ہوتا ہے۔

انکا مزید کہنا تھا دورِحاضر میں جہاں پوری دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف گامزن ہے وہاں صحافت کا معیار بھی منفرد ہو چلا ہے، اس لئے وطنِ عزیز کے صحافیوں کے لئے یہ بے حد ضروری ہے کہ وہ صحافتی دنیا میں جدت کے تقاضوں سے آشنا ہو کر اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتربنائیں کیونکہ اب صحافت فقط کسی ایک علاقے ، شہر یا پھر ملک تک محدود نہیں بلکہ سوشل میڈیا نے تمام تر معلومات کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کردیا ہے جس میں صحافت کا معیار بھی دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مطابق ہونا بےحد ضروری ہوگیا ہے۔ زبیر حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے ادارے کی جانب سے پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن سے منسلک صحافیوں کے لئے ہم لارہے ہیں سویڈن سے آن لائن مفت تربیتی ورکشاپ جس کے ذریعے وطنِ عزیز کے صحافیوں کو دنیا بھر میں ہونے والی صحافتی تکنیک کے حوالے سے تربیت دی جائے گی اور ادارے کی جانب سے سند بھی جاری کی جائے گی۔

مذکورہ کانفرنس میں پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ممبران کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی جن میں ملک ندیم، سہیل کوثر، امین نقیبی،محبوب انصاری، راجہ یوسف طارق عباسی، سلطان حسن بٹ، ضیغم علوی، ساجد وٹو، عید محمد، بلال اکرم،سید ظفر عباس، سلیم رضا، شہزاد اسلم، معظم ملک،وسیم جیلانی اور دیگر شامل تھے۔پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کی جانب سے زبیرحسین، مبین حسین، اشفاق احمد، وردہ مجیب خان، رخسانہ شیخ، عارف حسین، محمد سرور ، تیمور عباس اور محمد حذیفہ نے شرکت کی، پی پی این ای کی جانب سے کانفرنس میں چند اعلانات بھی کئے گئے جن میں عید محمد کو پی پی این ای براڈکاسٹنگ کا پاکستان بھر کا چئیرمین نامزد کیا گیا اور کوئٹہ سے رخسانہ شیخ کو بلوچستان کا ترجمان نامزد کیاگیا، شرکاء کو یہ خوشخبری بھی دی گئی کہ پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ اپنا چینل پی پی این ای نیوز بہت جلد لانچ کرنے جارہا ہے۔ میٹنگ کے اختتام پر تمام شرکاء نے اپنی آراسے آگاہ کیا اور اس اقدام کو سراہا کہ پی پی این ای اور پی جے اے مل کر صحافیوں کے بے لوث خدمت کے لئے کوشاں ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes