ہائی ویکمب میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ، ہر رنگ، نسل اور مذہب کے افراد کی شرکت – Kashmir Link London

ہائی ویکمب میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ، ہر رنگ، نسل اور مذہب کے افراد کی شرکت

ہائی ویکمب (مسرت اقبال) لندن کے نواحی علاقے ہائی ویکمب میں اسرائیل کی فلسطینیوں پر جارحیت اور دہشت گردی کےخلاف پر امن احتجاج کیا گیا جس میں پاکستانی ، عربی سمیت ہر طبقہ فکر رنگ ونسل کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فضا اللہ ہواکبر اور فری فلسطین کے نعروں سے گونجتی رہی ۔

جہاں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں وہیں 25000ہزار سے زائد اووسیز پاکستانی کمیونٹی پر مشتمل لندن کے نواحی علاقے ہائی ویکمب میں بھی اسرائیل کی فلسطینیوں پر جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے میں ہر طبقہ فکر رنگ و نسل کے افراد نے شرکت کی ۔ شرکاء نے فلسطین کی حمایت میں پینرز اور پلے کارڈ بھی اُٹھا رکھے تھے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا۔

اس موقع پرمظاہرین سے مختلف کمیونٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے اپنے بیانات میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کُشی اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی پُر زور مزمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو بھی دوسرے لوگوں کی طرح مساوی حقوق سمیت جینے اورامن سے زندگی گزارنے کا حق ہے۔ جائے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پویس کی بھاری نفری بھی وہاں پر موجود تھی ۔

علماء اکرام اور شُرکاء کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم ناقابل قبول ہیں اور ہم پر پلیٹ فارم پر اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ اس موقع پر ہائی ویکمب ٹاؤن کی مین شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بلکل بند کر دیا گیا تھا جبکہ لوگوں کی رہنمائی کے لئے لوکل مساجد کے رضا کار بھی ٹاؤن میں موجود تھے۔

مظاہرے میں شریک برطانوی نژاد فلسطینیوں کا کہنا تھا کہ غزہ میں اپنوں پر ظلم ہوتے دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔ آج یہاں پر تمام رنگ و نسل کے افراد کو فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے دلی خوشی ہوئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes