سفارتخانہ پاکستان برسلز کااسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے’’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘‘ ویبنار کا انعقاد – Kashmir Link London

سفارتخانہ پاکستان برسلز کااسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے’’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘‘ ویبنار کا انعقاد

برسلز(کشمیر لنک نیوز) پاکستان کے سفارت خانہ ، برسلز نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور میزان بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے ، ’’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ‘‘ (آر ڈی اے) شریعی سرمایہ کاری اور مالی مواقع کے بارے میں ایک ویبنار کا اہتمام کیا۔ ویبنار سے بیلجیم ، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ ، بانی صدر اور سی ای او میزان بینک ، جناب عرفان صدیقی ، اور اسٹیٹ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عرفان علی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ، سفیر ظہیر جنجوعہ نے آر ڈی اے کو حکومت کا جدید اقدام قرار دیا ، جس نے پاکستانی باشندوں کو پاکستان میں اپنے پیاروں کو رقم بھیجنے میں مدد فراہم کی ہے اور بینکنگ خدمات فراہم کرکے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں آسانی پیدا کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال ( جولائی تا اپریل) کے پہلے 10 ماہ کے دوران ، بیلجیم اور لکسمبرگ کی ترسیلات زر میں 270 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو کہ 202.6 ملین امریکی ڈالر ہے جو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے میں 54.8 ملین امریکی ڈالر تھی ۔

سفیر نے ترسیلات زر کے بہاؤ میں ریکارڈ اضافے پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہے گا۔ سفیر نے زور دے کر کہا کہ یہ رجحان حکومت کی معاشی پالیسیوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ میزان بینک کے بانی صدر اور سی ای او مسٹر عرفان صدیقی نے اس اقدام کے تحت صارفین کو وسیع پیمانے پر فوائد کے بارے میں بات کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک ، سید عرفان علی نے بھی آر ڈی اے کی اہم خصوصیات اور فوائد کے بارے میں تفصیلات بیان کی۔

ورچوئل انٹرایکشن میں بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی باشندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس میں بینکر ، مالیاتی ماہرین ، کاروباری افراد ، طلباء اور میڈیا شامل تھے۔ شرکاء نے بحث میں فعال طور پر حصہ لیا ، اسکیم کے بارے میں سوالات پوچھے اور اس اقدام کی تعریف کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes