عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی مظلوم فلسطینیوں کیلئے کیجئے، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی اپیل – Kashmir Link London

عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی مظلوم فلسطینیوں کیلئے کیجئے، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی اپیل

پیٹر برا (لیاقت حسین راجہ) ماہ رمضان اور ذی الحج کے آغاز کیساتھ ہی برطانیہ میں چیریٹیز کے کرتا دھرتا ملک بھر میں گھوم کر کمیونٹی کو ناصرف اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہیں بلکہ ان سے اور انکے توسط سے صدقہ، زکواۃ، خیرات اور قربانی کے عطیات وصول کرتے نظر آتے ہیں۔

ایسی ہی ایک چیریٹی المصطفےٰ ویلفیر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد اپنی ٹیم کے ہمراہ ملک بھر کا دورہ کرتے ہوئے پیٹربرا پہنچے جہاں دوستوں نے انکا استقبال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیریٹی کے چیئرمین اور دیگر احباب کا کہنا تھا کہ فلسطین کے عوام تاریخی جبر و ستم کا شکار ہیں، ان مظالم پر استعماری قوتوں کی خاموشی جہاں ان کے دہرے معیار کی عکاسی کرتی ہے وہاں امت مسلمہ کا گھنائونا کردار سب سے زیادہ تشویشناک ہے۔ غزہ مکمل طور پر جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔ تباہ حال فلسطین میں ہر طرف غربت اور بھوک ناچ رہی ہے۔

المصطفےٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد، مقصود حسینOBE، ڈاکٹر مسعود رضا شامی، عبدالمقدس چوہدری، سابق میئر محمد ایوب چوہدری، ڈاکٹر نواز خان، حافظ طارق اعوان و دیگر کا اس موقع پر ماننا تھا کہ ہم سب کو مل جل کر ایسے منصوبوں کی داغ بیل ڈالنی چاہیے جس سے اہل فلسطین کو اجتماعی فائدہ پہنچے۔

چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیکھنے اور سننے میں بہت زیادہ فرق ہے۔ ایک تباہی و بربادی ہے جو ہر طرف دیکھی۔ کئی کئی افراد اجتماعی طور پر شہید کردیے گئے۔ آج بدقسمتی سے ان کا مسلمان کہلوانا سب سے بڑا جرم بن گیا ہے۔ ٹرسٹ کے ڈائریکٹر مقصود حسین نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد وہاں پہنچنا ایک چیلنج تھا لیکن قدرت نے ہمت و توفیق بخشی، ہم لوگوں کی امانتیں وہاں پہنچانے میں کامیاب ہوئے، اس سلسلے میں امدادی و رفاعی کاموں کا سلسلہ مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات باعث فخر اور اطمینان بخش بھی ہے کہ اہل فلسطین تمام تر مظالم سہنے کے باوجود مایوس نہیں ہیں بلکہ ہر جگہ ڈٹے ہوئے ہوئے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ المصطفےٰ ویلفیئر ٹرسٹ مظلوم فلسطینیوں کو انکی دہلیز پر راشن پہنچا کر آیا ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی قربانی بھی المصطفےٰ ویلفیئر کے ہمراہ کریں تاکہ مظلوم فلسطینیوں کو بھی قربانی کا گوشت میسر آسکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes