کینیڈا میں قتل ہونیوالے پاکستانی جوڑے کی یاد میں یونیورسٹی کیطرف سے اسکالر شپ کا اجرا – Kashmir Link London

کینیڈا میں قتل ہونیوالے پاکستانی جوڑے کی یاد میں یونیورسٹی کیطرف سے اسکالر شپ کا اجرا

اونٹاریو (کشمیر لنک نیوز) کینیڈا کی ویسٹرن یونیورسٹی آف اونٹاریو نے گزشتہ ماہ جون میں قتل کیے جانے والے پاکستانی جوڑے کی یاد میں ہر سال دو طرح کی اسکالر شپس دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی یونیورسٹی گزشتہ ماہ جون کے اوائل میں اونٹاریو میں دہشت گردی کے واقعے میں قتل کیے جانے والے سلمان افضال اور ان کی اہلیہ مدیحہ سلمان کے اعزاز میں دو طرح کی اسکالرشپس فراہم کرے گی۔ پاکستانی نژاد جوڑے کو 6 جون کو دیگر دو اہل خانہ کے ہمراہ بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا۔

یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی ہر سال ’مدیحہ سلمان میموریل‘ اور ’سلمان افضال میموریل‘ اسکالر شپس فراہم کرے گی۔مدیحہ سلمان میموریل اسکالر شپ سول اور ماحولیاتی انجنیئرنگ کے شعبوں میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کرنے والی لڑکیوں کی دی جائے گی۔ اسی طرح سلمان افضال میموریل اسکالر شپ ہر سال فزیکل تھراپی میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ کو دی جائے گی ،جس یونیورسٹی نے پاکستانی نژاد جوڑے کی یاد میں اسکالر شپ کے قیام کا اعلان کیا ہے، دونوں نے اسی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی۔

مدیحہ سلمان نے یونیورسٹی سے انجنیئرنگ میں ماسٹر کیا تھا اور وہ ماحولیاتی انجنیئرنگ میں وہاں سے پی ایچ ڈی کر رہی تھیں کہ ان کا بیہمانہ قتل کیا گیا اور یونیورسٹی نے بعد از مرگ گزشتہ ماہ ہی انہیں ڈگری سے نوازا تھا۔ قتل کیے جانے والے سلمان افضل نے بھی اسی یونیورسٹی سے 2010 میں فزیکل تھراپی میں ماسٹر کرنے کے بعد کیئر ہوم میں انہوں نے ملازمت اختیار کی تھی۔

یونیورسٹی کی جانب سے پاکستانی جوڑے کی یاد میں اسکالرشپس دیے جانے کے اعلان پر ان کے اہل خانہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدیحہ افضال مسلمان خاتون ہونے کے ناتے مساوات پر یقین رکھتی تھیں، اس لیے ان کی یاد میں دی جانے والی اسکالر شپس بھی دنیا کے تمام خطوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو دی جائیں گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes