کمیونٹی خدمات پر چیئرمین سنٹرل ماسک حاجی قربان اور سینئر صحافی شیراز خان کیلئے میئر ایوارڈز – Kashmir Link London

کمیونٹی خدمات پر چیئرمین سنٹرل ماسک حاجی قربان اور سینئر صحافی شیراز خان کیلئے میئر ایوارڈز

لوٹن (کشمیر لنک نیوز) برطانیہ میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی میں یہ رواج عام ہوتا جارہا ہے کہ عوام الناس کیلئے اچھا کام کرنے والوں کو انکی زندگی ہی میں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ اسکے دو فوائد ہیں ایک تو خدمت انسانی کیلئے زندگی وقف کرنے والے خوش ہوسکیں دوسرا آنے والی نسلوں کیلئے مثال بن سکیں۔

برطانوی دارالحکومت لندن سے ملحق ٹائون لوٹن میں بھی ایک ایسی ہی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دو شخصیات کو انکی خدمات پر میئر آف لوٹن نے ایوارڈز پیش کئے۔ تفصیلات کے مطابق مئیر آف لوٹن کونسلر ملک محمود حسین نے صحافی/تجزیہ نگار ٹی وی اینکر شیراز خان جو پاکستان پریس کلب یوکے کے سنئیر نائب صدر ہیں اور لوٹن سنٹرل ماسک کے چیئرمین اور کمیونٹی کی ہر دلعزیز شخصیت حاجی چوہدری محمد قربان کے اعزاز میں لوٹن کے ٹاون ہال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا اور حوصلہ افزائی کے طور پر لوٹن کونسل کی جانب سے توصیفی سرٹیفیکیٹس عطا کئے۔

تقریب میں کمیونٹی کی دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے میئر لوٹن ملک محمود حسین کا کہنا تھا کہ ہماری کمیونٹی نے اپنا نام اور مقام بنانے کیلئے بڑی محنت کی ہے، بزرگوں کی محنت کے بعد دوسری اور تیسری نسل نے اعلیٰ تعلیم ھاصل کرکے اچھے عہدے حاصل کئے جسکے پاکستانوں کی قدر میں اضافہ ہوا اور بلاشبہ اس قدر کو بڑھانے میں پاکستانی میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
اعزاز حاصل کرنے والے سینیئر نائب صدر پاکستان پریس کلب اور معروف صحافی شیراز خان کا کہنا تھا کہ بطور صحافی برطانیہ میں ہمیں بڑی کٹھن آزامائشوں سے گذرنا پڑتا ہے، پاکستان بار مغرب نے خوامخواہ منفی تاثر قائم کرلیا ہوا ہے، ہم جہاں بھی اپنے وطن کی اچھائیاں بیان کرنے کی کوشش کرتے ہیں لوگ مشکل سے یقین کرتے ہیں، اس کام کیلئے ہمیں باقیوں کی نسبت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کےحوالے سےایک تصور قائم کر لیا گیا ہے کہ شاید سارے پاکستانی دقیانوسی سوچ کے مالک ہیں جو خواتین کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں اورلڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہماری کمیونٹی کی طرف سے بھی اس سوچ کو تبدیل کرنے کے لیے بہت کم کوششیں کی جاتی ہیں۔ہم سب یہاں پاکستان کے سفیر ہیں ہمیں اپنے اچھے کردار سے لوگوں کو بتانا ہو گا کہ اچھے اور برے لوگ ہرکمیونٹی کے اندر موجود ہیں انھیں صرف پاکستانی کمیونٹی کےساتھ منسوب نہیں کیا جا سکتا۔

لوٹن سنٹرل ماسک کے چیئرمین حاجی قربان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ اس اعزاز پر میئر کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس امر کا اعادہ کرتے ہیں کہ مساجد کمیونٹی کے باہمی تعاون اور اتحاد میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ تقریب سے سابق میئر ریاض بٹ، سابق میئر طاہر ملک، معروف عالم دین پروفیسر مسعود ہزاروی، علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، شبیر ملک، حاجی منیر، امتیاز بٹ و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور دونوں شخصیات کو ایوارڈ ملنے پر مسرت کا اظہار کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes