امام عالی مقام حضرت امام حسین کی شان بڑی نرالی اور برکت والی ہے: پیرعبدالقادر شاہ گیلانی – Kashmir Link London

امام عالی مقام حضرت امام حسین کی شان بڑی نرالی اور برکت والی ہے: پیرعبدالقادر شاہ گیلانی

لوٹن (کشمیر لنک نیوز) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے و یورپ کے زیراہتمام یوم عاشورہ کانفرنس جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کی نظامت منعقد ہوئی، مہمان خصوصی سرپرست اعلیٰ جماعت اہلسنت پیر سید عبدالقادر شاہ گیلانی تھے۔
پیر سید عبدالقادر گیلانی نے اپنے خصوصی خطبہ میں کہا کہ کل کائنات کے شہید امام عالی مقام ہیں جس طرح امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ بے مثال ہیں اسی طرح ان کی شہادت بھی بے مثال ہے۔ انہوں نے شہداء کربلا کے صدقے خصوصی دعا مانگی کہ اللہ پاک ان عظیم شہیدوں کے طفیل کشمیر کو آزادی عطا فرمائے اور ہندوستان کے اندر بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کو ظلم سے نجات حاصل ہو۔

جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ 10 محرم کو جو لوگ روحانی محفل میں شریک ہوتے ہیں وہ بہت خوش نصیب لوگ ہیں، اس موقع پر انہوں نے کہاکہ خواجہ اجمیر سلطان الہند، عطائے رسول حضرت محی الدین چشتی اجمیری نے بارگاہ حسینیؓ میں جس انداز سے عقیدت و محبت کا نذرانہ پیش کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ،تاریخ اسلام میں انبیاء کے بعد آپؒ ہی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپؒ کے دست حق پرست پر 90 لاکھ غیر مسلموں نے اسلام قبول کیا ۔
صاحبزادہ فضل محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف اسلام کا کیمپ تھا جس کے چیف امام عالی مقامؓ تھے جب کہ دوسری طرف شیطان کا کیمپ تھا جس کا سربراہ یزید تھا، انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے فرمایا تھا کہ حاکم جو حرام کو حلال قرار دے گا اس کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی اسی لیے انہوں نے یزید کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔

حافظ اشتیاق حسین قادری نے درو و سلام کا نذرانہ پیش کیا جبکہ حاجی چوہدری محمد قربان، نائب مغل، قاضی ضیاء المصطفی، قاضی سراج المرتضیٰ، قاضی عبدالرشید چشتی، قاضی عطا الکبریا، اسلم کیانی، صوفی راجہ عجائب، صوفی رشید، تاج محمد، قاری کامران ، چوہدری عبدالقیوم، ریاض بٹ ، زاہد چوہدری اور طارق چوہدری سمیت متعدد اہم مقامی شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی اور خصوصی دعا میں حصہ لیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes