آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا نیا باب رقم کریں گے، پی ٹی آئی ڈیوزبری کی تقریب سے وزیراعظم کا خطاب – Kashmir Link London

آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا نیا باب رقم کریں گے، پی ٹی آئی ڈیوزبری کی تقریب سے وزیراعظم کا خطاب

بریڈفورڈ (محمد فیاض بشیر) پاکستان تحریک انصاف ڈیوزبری کے مرکزی رہنما راجہ گلفراز، سابق صدر چوہدری فاضل اور دیگر رہنمائوں نے سردار عبدالقیوم نیازی کے وزیر اعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ویژن کو لے کر آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا ایک نیا باب رقم کریں گے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی کامیابی عمران خان کی اصلاحات کی وجہ سے ہوئی، عوام نے عمران خان کے ویژن کو ووٹ دیا کشمیر کے عوام نے وزیر اعظم عمران خان کی سچی اور ایماندار قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، آزاد کشمیر الیکشن میں جیت شفافیت اور دیانتداری کی فتح ہے۔سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مظفرآباد میں کشمیر پریمئر کرکٹ کا انعقاد کر کے دنیا کو آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا فرق دکھایا ہے، جبکہ بھارت نے کے پی ایل پر منفی رویہ اختیار کر کے اپنا منہ کالا کیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کالا قانون لاگو کر کے مقبوضہ کشمیر کی جداگانہ خصوصی حیثیت کو ختم کیا ہے، بھارت کا یہ اقدام اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کیلئے اٹھایا گیا ہے جسے کشمیری کبھی تسلیم نہیں کریں گے ،انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کا ایک بیس کیمپ ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آزادکشمیر میں پہلی دفعہ احساس پروگرام کے تحت غریب عوام کو براہ راست فائدہ دیا، آج آزادکشمیر میں ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب عوام اپنے علاج کے لیے گیارہ لاکھ روپے تک خرچ کر سکتے ہیں ،یہی وجہ ہے عوام نے تحریک انصاف کی پالیسیوں اور اصلاحات پر ووٹ دیا ہے اور آزادکشمیر میں بھی عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا۔

سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ شفق محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری انصاف کے تقاضے پورے کرے، بھارت سے معاشی معاہدے مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلمانوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی مدنظر رکھے ،عالمی برادری اپنے معاشی مفاد کی خاطر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتی، خواجہ انعام الحق نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو سیاست نہیں آتی اور واضح تبدیلی ان کو نظر آتی وہ کسی اور دنیا میں رہتے ہیں۔

پی ٹی آئی ڈیوزبری کے صدر چوہدری محمد فاضل نے کہا کہ آزادکشمیر کے نو منتخب صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی کی قیادت میں مسلۂ کشمیر عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر ہو گا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض پاکستان تحریک انصاف یارکشائر کے سابق صدر خواجہ طاہر ایوب نے سرانجام دیئے ،تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ محمد یعقوب نے حاصل کی، تقریب کا آغاز پاکستان اور آزاد کشمیر کے ترانوں سے ہوا، اس موقع پر سردار عبدالقیوم خان نیازی کی تعیناتی کی خوشی میں راجہ شہر یار خان کے ہمراہ کیک بھی کا ٹا گیا، اس موقع پر سیکریٹری جنرل مسلم کانفرنس لیڈز شاہد قریشی ، پی ٹی رہنما چوہدری نثار اور سابق سیکریٹری جنرل پاکستان پی ٹی آئی یارکشائر امبر سائیڈ علفی عزیز نمبردار بھی موجود تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes