چیئرمین ایشین بزنس فورم چوہدری ذوالفقار کا ممتاز کاروباری شخصیت کے اعزاز میں استقبالیہ – Kashmir Link London

چیئرمین ایشین بزنس فورم چوہدری ذوالفقار کا ممتاز کاروباری شخصیت کے اعزاز میں استقبالیہ

سلائو (کشمیر لنک نیوز) برطانوی لیبر پارٹی کی ٹریڈ کمیٹی کے ممبر اور ایشین بزنس فورم سلاؤ کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار نے کہا ہے کہ نیت صاف، محنت اور لگن کا عزم اور ماں باپ کی دعائیں ساتھ ہوں تو مشکل سے مشکل راستہ بھی ہموار ہوتا چلا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ فیصل محمود چیچی جیسا بلند ہمت انسان اٹلی کے بعد لندن جیسے شہر میں اپنا دفتر قائم کرنے میں کامیاب ہوا، ہماری تمام تر دعائیں اور نیک تمنائیں اسکے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپ کی کاروباری شخصیت فیصل محمود چیچی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا جو شخص دیانت داری سے اپنے کاروبار کا آغاز کرتا ہے، خدا اس کے کاروبار میں ترقی دیتے ہیں، جس کی واضح مثال چوہدری فیصل چیچی کی ہے، جنہوں نے برطانیہ میں قدم رکھتے ہی اپنا نام اور مقام بنا لیا ہے۔ اس موقع پر چوہدری ذوالفقار کی طرف سے فیصل چیچی کو انکی شاندار کامیابی پر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جس پر انھوں نے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے انھیں برطانیہ میں خوش آمدید کہا انھوں نے کہا کہ برطانیہ ایک بڑا اور خوبصورت ملک ہے، جہاں کاروبار کے بہت زیادہ مواقع ہیں۔

کوونٹری فلاور کے صدر چوہدری عامر نے کہا کہ کوونٹری فلاور ہر ایسے فرد کی حوصلہ افزائی کرے گا جو پاکستان اور اپنی کمیونٹی کی خدمت کرے گا اور اپنی مدد آپ کے تحت کاروبار کی دنیا میں فتح حاصل کرے گا ،کوونٹری فلاور نہ صرف تعاون کرے گا بلکہ اس کی کامیابی لے لیے پورا ساتھ بھی دے گا ،فیصل چچی نے برطانیہ آ کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ کوئی کام مشکل نہیں، کامیابی کے لیے محنت درکار ہوتی ہے جو فیصل چیچی نے کر کے دکھائی۔

چوہدری فیصل چیچی نے کہا گجرات سے جب یورپ ہجرت کی تو اندازہ نہ تھا کہ یورپ کی افرا تفری کی زندگی میں کس طرح آگے بڑھا جائے، لیکن والد محترم کی طرف سے دی گئی ہدایات اور دین اسلام کی تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف ایمان داری اور محنت کا دامن پکڑ لیا اور اٹلی میں خوب محنت کرتے کرتے اپنی کنسٹرکشن کمپنی بنانے میں کامیاب ہو گیا اور آج برطانیہ کے شہر لندن میں سب آفس قائم کر دیا، جس میں میرے والدین کی دعاؤں اور مخلص دوستوں کا تعاون شامل حال ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes