سابق ناظم اعلیٰ ادارہ منہاج القرآن رحیق عباسی کے اعزاز میں پاکستان بزنس فورم فرانس کا عشائیہ – Kashmir Link London

سابق ناظم اعلیٰ ادارہ منہاج القرآن رحیق عباسی کے اعزاز میں پاکستان بزنس فورم فرانس کا عشائیہ

پیرس(کشمیر لنک نیوز) پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیرِ اہتمام ایک عشائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، مہمان خصوصی انگلینڈ سے آئے ہوئے ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سابق ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق عباسی تھے، عشائیہ میں فرانس کی پاکستانی بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا جس کا شرف سلمان اسلم نے کوحاصل ہوا، حافظ معظم نے نعتِ رسولِ مقبول سے دِ لوں کو عشقِ مصطفیٰ سے لبریز کیا۔ استقبالیہ کلمات یاسر خان نے ادا کئے اور آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے شیخ ذاہد فیاض سابق نائب ناظم اعلیٰ ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے بھی خطاب کیا اور بزنس فورم کو شاندار تقریب کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔کنوینئر بزنس فورم حاجی محمد اسلم چوہدری نے بزنس کمیونٹی کو فورم کی رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کے فورم کے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کر دئیے گئے ہیں اور عنقریب پہلی مرکزی باڈی کا اعلان کر دیا جائے گا۔برطانیہ سے تشریف لائے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی صاحب نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی صاحب نے گفتگو کرتے ہوئے بزنس فورم کے قیام کو خوش آئند اقدام قرار دیا۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں فورم کے غیر سیاسی اور غیر مذہبی ہونے کو سراہا اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے خوش آئند قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک میں تمام پاکستانیوں کو متحد ہو کر پاکستان کے لئے کام کرنا چا ہئے،ان کا کہنا تھا کہ آپ غیر ممالک میں بے شک اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کے لئے کام کریں مگر اصل کام آپ کا لوکل سطح پر ہونا چاہئے، انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ جس ملک میں بھی رہتے ہیں وہاں پر مقامی حکومتوں میں اپنا اثرورسوخ بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت نے کرونا وائرس سے شدید متاثر ملک ہندوستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے مگر پاکستان کو نہیں نکالاحالانکہ پاکستان میں کرونا کیسز ہندوستان کے مقابلے میں بےحد کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کی اصل وجہ ہندوستانی کمیونٹی کا برٹش گورنمنٹ میں اثر ورسوخ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کا ا تنی بڑی تعداد میں آنے پر دلی شکر گزار ہیں۔اِس موقع پر انہوں نے روبی ریسٹورنٹ کے مالک چوہدری سجاد کا زبردست انتظامات پر شکریہ بھی ادا کیا ۔ بعد ازاں مہمانوں کی شاندار ڈنر سے تواضع کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes