لینیوس یونیورسٹی سویڈن اور قائداعظم یونیورسٹی پاکستان کے مابین ایم او یو پر دستخط خوش آئند عمل ہے: ڈاکٹر ظہور احمد – Kashmir Link London

لینیوس یونیورسٹی سویڈن اور قائداعظم یونیورسٹی پاکستان کے مابین ایم او یو پر دستخط خوش آئند عمل ہے: ڈاکٹر ظہور احمد

سٹاک ہوم(کشمیر لنک نیوز)لینیوس یونیورسٹی سویڈن کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے مابین ایم او یو پر دستخط کرنے کے حوالے سے ایک آن لائن تقریب کا انعقاد بذریعہ زوم کیا گیا جس میں سفیرِ پاکستان براہ سویڈن و فِن لینڈڈاکٹرظہور احمد، دونوں جامعات کی سرکردہ شخصیات جن میں قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سربراہ ڈاکٹر معظم اے خان خٹک ، جناب ندیم عباس اسسٹنٹ ہیڈ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ میڈیا ٹیکنالوجی، جناب اسٹیفن ہاگ لونڈ کمیونیکیشنز اسٹراٹیجیسٹ لینیوس یوینیورسٹی، محترمہ چارلوٹ اسکوگ لونڈ سینئر انٹرنیشنلائزیشن آفیسر لینیوس یونیورسٹی ، ایجو سرفرز سویڈن کے سربراہ جنید خان شیراونی، پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کی جانب سے زبیر حسین اور دیگر نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز میں دونوں جامعات کی جانب سے تعارفی پریزینٹیشن پیش کی گئی اور سویڈن میں پاکستانی طلباء کی مثبت کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ لینیوس یونیورسٹی کے نمائندگان کی جانب سے پاکستانی طلباء کی قابلیت کو سراہا گیا اور سویڈن کے شہر ویخو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پاکستان کے مثبت چہرے کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے مذکورہ ایم او یو کے حوالے سے کہا کہ یہ پاکستان کے طلباءکے لئے ایک مثبت پیش رفت ہے کہ جس کی بدولت پاکستان کو تعلیمی میدان میں مدد میسر آئے گی اور اس ایم او یو کے سائن ہونے کے بعد مستقبل میں پاکستان بھر کی مزید جامعات کو یورپ کی دیگر جامعات کے درمیان تعاون حاصل ہوسکے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں بہت جلد لینیوس یونیورسٹی کا دورہ کروں گا ۔ ایجو سرفرز کے سربراہ جنید خان شیروانی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آج کے اس دن کی کامیابی کے پیچھے سال بھر کی محنت چھپی ہے، انہوں نے ان تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کے اس عمل میں اپنا کردرار ادا کیا۔ شرکاء کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes