پاکستان نے ہمیشہ مذہبی عقائد اور مقدس شخصیات کے احترام پر زور دیا ہے؛ شازیہ مری – Kashmir Link London

پاکستان نے ہمیشہ مذہبی عقائد اور مقدس شخصیات کے احترام پر زور دیا ہے؛ شازیہ مری

ویانا (کشمیر لنک نیوز) پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑا ہے اور خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے لیے ہر طرح سے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اس سے مزید قربانیوں کی خواہش نہ رکھی جائے، ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ شازیہ مری نے دہشت گردی کی روک تھام میں پارلیمانوں کے کردار پر انسداد دہشت گردی کے بارے میں عالمی پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شازیہ مری ایم این اے پاکستانی پارلیمانی وفد کے ہمراہ تھیں جسکی قیادت ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کررہے تھے۔ شازیہ مری نے اپنے خطاب میں مزید کہا انسانی اور معاشی سرمائے کے لحاظ سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابی اور قربانیاں بے بہا ہیں۔ ہم نے اپنے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی 80 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے بہت بڑی قیمت ادا کی تھی۔ صرف یہی نہیں اس سے ہماری معیشت کو مجموعی طور پر 150 بلین امریکی ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔

شازیہ مری نے دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت ،امتیازی سلوک، نفرت انگیز تقاریر اور نسل پرستی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تمام مذہبی عقائد اور مقدس شخصیات کے احترام پر زور دیا ہے۔مذہبی شخصیات کی تضحیک توہین یا بدنامی کی حوصلہ شکنی اور سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے پارلیمنٹیرینز پر بھی زور دیا کہ وہ عوامی بیداری کو بڑھا ئیں اور حکومتوں اور آن لائن سروس فراہم کرنے والوں کی جانب سے آن لائن دہشت گردوں اور انتہا پسندی کے مواد کو ختم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سمجھیں۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں دیکھی گئی ہیں لیکن دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے انتہا پسندانہ رجحانات اور پرتشدد دہشت گرد حملوں کے بارے میں سنجیدہ خدشات باقی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes