پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے زیراہتمام سویڈن میں بانی پاکستان کی برسی کی تقریب – Kashmir Link London

پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے زیراہتمام سویڈن میں بانی پاکستان کی برسی کی تقریب

مالمو (کشمیر لنک نیوز) سویڈن کے شہر مالمو میں پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جنا ح کی برسی کے حوالے سے تقریب جمسا ہاؤس سویڈن میں منعقد کی گئی، جہاں مالمو سمیت سویڈن کے دیگر بڑے شہروں سے پاکستانی سماجی و کاروباری شخصیات جمشیدگِل، راجہ عاطف شہزاد، خرم خان،عامر خلیل جنجوعہ، محمد طلحہ، حسان شیخ،چودہری فواد، راجہ گل ریز،ندیم انجم،لونڈ شہر سے محمد عرفان، شیولنگے شہر سے عماد نصیر اور گوتنبرگ شہر سے محمد آصف نے شرکت کی۔

تقریب میں قائد اعظم محمد علی جناح کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ پاکستان کی تعمیر وترقی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، میڈیا بریفنگ کے دوران پی پی این ای کے روح رواں زبیر حسین کا کہنا تھا کہ ہم نے مشکل وقت میں بھی قومی، مذہبی و ثقافتی تہوار منعقد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور انشاللہ بہت جلد جب کرونا پابندیوں کا خاتمہ ہوگا اور زندگی معمول پر آنا شروع ہوگی تو یہ ہی تقریبات انشاللہ بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا ہم عزم رکھتے ہیں۔

پی پی این ای کے وائس چیئرمین محمد سرورنے اس موقع پر کہا کہ یہ ہمارے لئے خوش آئند بات ہے کہ ہمارا دائرہ کار سویڈن کے فقط ایک شہر تک محدود نہیں بلکہ مالمو سے لے کر کیرونا تک بسنے والے پاکستانیوں کے ساتھ ہم مل کر پی پی این ای کے پلیٹ فارم سے پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔معروف کاروباری شخصیت جمشیدگِل کا کہنا تھا کہ باہمی بھائی چارگی اوراتحاد میں ہی پاکستانی کمیونٹی کابہتر مستقبل ہےاس لئے تمام تر پاکستانیوں کو یکجا ہو کر آنے والی نسلوں کے لئے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

عامر خلیل جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ہمیں فقط مخصوص تقریبات میں ہی نہیں بلکہ کمیونٹی کے ہفتہ وار بیٹھک کا انعقاد کرنا چاہئے تاکہ کمیونٹی مسائل پر بات چیت کے ذریعے ان کا حل ڈھونڈا جائے۔ راجہ عاطف شہزاد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سویڈن میں نئے آنے والے پاکستانیوں کو رہنمائی کی اشد ضرورت ہے اس لئے ہمیں کوئی ایسا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا جس سے کمیونٹی کو بروقت مدد میسر آسکے۔خرم خان اور دیگر شرکا ء نے ان تمام تر تجاویز کی تائید کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لئے اعشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes