سویڈن میں سفیر ڈاکٹر ظہور احمد کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ – Kashmir Link London

سویڈن میں سفیر ڈاکٹر ظہور احمد کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ

سٹاک ہوم (کشمیر لنک نیوز) سویڈن اور فن لینڈ کیلئے پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے متعدد اہم شخصیات سے ملاقات کرکے انہیں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں سے آگاہی دی۔ سویڈن کے شاہی نمائیندے سے ملاقات میں سفیر پاکستان نے اس امر کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک ہمیشہ دوستانہ ماحول میں آگے بڑھے ہیں۔ دونوں ممالک تجارت میں مزید پیش رفت کرسکتے ہیں جس کے لئے ماحول سازگار ہے۔ سفیر پاکستان نے اس موقع پر ہائیر ایجوکشن، ووکیشنل ٹریننگ، سائینس اینڈ ٹیکنالوجی سمیت ٹریڈ اور ٹورازم کے شعبی جات میں دو طرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی پر زور دیا۔

ڈاکٹر ظہور احمد نے سٹاک ہوم میں ایشیا اور پیسفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نکلس کوورنسٹرم سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں بات چیت کرتے ہوئے سویڈن اورپاکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی مسائل کا احاطہ کیا گیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کو پائیدار انداز میں ترقی دینا چاہتا ہے۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے نکلس کوورنسٹرم کو پاکستان کی ماحول دوست پالیسیوں اور موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنجز سےنمٹنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اپنی معیشت کو پائیدار انداز میں ترقی دیکر قابل تجدیدتوانائیوں کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

سفیر پاکستان نے نکلس کوورنسٹرم کو بتایا کہ پاکستان نے 2021 کے عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کی ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ان مسائل کے تئیں پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نکلس کوورنسٹرم نے ماحول دوست پالیسیوں کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور سفیر پاکستان ڈاکٹرظہور احمد کو جون 2022 میں سٹاک ہوم+ 50 کانفرنس کی سویڈش میزبانی پر بریفنگ دی۔ جنرل نکلس کوورنسٹرم نے کہا کہ سویڈن پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

دریں اثنا سویڈن میں تعینات سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے یو این سیکریٹری جنرل ڈیگ ہیمرشو کے نمائیندے اپسالہ کے گورنر سے بھی ملاقات کی اور انہیں دنیا میں امن کے حوالے سے پاکستان کے کردار سے آگاہی دی۔

50% LikesVS
50% Dislikes