کوونٹری فلاور اور دھنک میوزک اکیڈمی کے زیراہتمام تقریب، قونصل جنرل برمنگھم سردارعدنان رشید کی خصوصی شرکت – Kashmir Link London

کوونٹری فلاور اور دھنک میوزک اکیڈمی کے زیراہتمام تقریب، قونصل جنرل برمنگھم سردارعدنان رشید کی خصوصی شرکت

کونٹری (کشمیر لنک نیوز) کوونٹری فلاور اور دھنک میوزک اکیڈمی کے زیر اہتمام ’ایک شام پاکستان کے نام ‘ سے ایک رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں قونصل جنرل برمنگھم سردار عدنان رشید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مقامی معروف گلوکاروں نے ملی نغموں سے محفل کو دوبالا کیا۔خلیل انجم نے ڈھول کی تھاپ پر ابھرتے ہوئے نوجوان فنکار وقاص ہاشمی کے ہمراہ شرکاء کو محظوظ کیا۔

مہمان خصوصی سردار عدنان رشید نے اس موقع پر کہا کہ یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ محفل میں شریک ہر مرد خاتون پاکستان کے نام پر جھوم رہا ہے کیونکہ پاکستان نام ہی ایک تڑپ کا ہے ،ایک طاقت کا ہے جس کا نام سننے کے ساتھ ہی ایک عجب امنگ اور حوصلہ و ہمت اور خوشی محسوس ہوتی ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک پاکستان سے دور رہتے ہوئے بھی اپنی سوہنی دھرتی سےبہت پیار کرتے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز دراصل پاکستان کے اصل سفیر ہیں جو دیار غیر میں مستقل رہائش رکھتے ہیں، انھیں اپنے کردار، اخلاق اور محنت سے اپنے ملک پاکستان کا نام بلند کرنا ہو گا۔ برطانوی قوانین کی قدر اور ان پر عمل درآمد سے ہی ہم ایک مخلص پاکستانی ہونے کا ثبوت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک محفوظ ملک جو ترقی کی طرف آگے بڑھ رہا ہے آج دنیا پاکستان کی طرف نظریں لگائے ہوئے ہے ۔اوورسیز پاکستانی آگے بڑھیں اوراپنے بچوں کو پاکستانی تعلیمات سے روشناس کروائیں۔

تقریب سے مقامی کونسلر کامران خان اور مقامی بزنس مین رانا اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کوونٹری فلاور کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ کوویڈ کے بعد ایسی تقاریب وقت کی ضرورت ہیں ۔صدر کوونٹری فلاور چوہدری عامر نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کی رہنمائی اور انسانیت کی خدمت ہے۔ مقامی صحافی وقار ملک نے قونصل جنرل عدنان رشید کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ کوونٹری کے عوام کے لیے قونصلیٹ سےسہولیات فراہم کی جائیں، اردو زبان کی ترویج کے لیے قونصلیٹ تعاون کرے ،نادرا سرجری کا دوبارہ آغاز کیا جائے۔

اس موقع پر وائس قونصل جنرل سردار خٹک بھی موجود تھے جنھوں نے تقریب کو سراہا اور کونٹری فلاور کی تعریف کی۔ تقریب کے اختتام پر مسلم ریسورس سنٹر کے سابق چیئرمین محمد یونس منہاس کی خدمات کے صلے میں انھیں ایوارڈ دیا گیا جو ان کے بڑے صاحبزادے چوہدری ظہیر یونس نے وصول کیا جب کہ کونسلر کامران خان اور کوونٹری فلاور کے صدر چوہدری عامر کی کمیونٹی خدمات پر بھی ایوارڈ دیا گیا۔

تقریب کی صدارت راجہ ظفر ،چوہدری احمد علی نے کی۔تقریب میں اسمارٹ ٹریڈ سوسائٹی کے محمد قیصر رانا، اعجاز ڈڈیال ، ریاض کھوکھر ،فیئر کلیم سے غلام یونس منہاس ،مسلم ریسورس سنٹر کے سیکرٹری راجہ اصغر نمبل، محمد بشارت، بیلج پارٹی اور بیلج پارلیمنٹ کے سابق ممبر ریاض شاہ،سول سوسائٹی، این جی اوز، سابق کونسلرز نے بھی شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes