المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام گلاسگو میں چیریٹی کے فلاحی کاموں کے حوالے سے تقریب کا اہتمام – Kashmir Link London

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام گلاسگو میں چیریٹی کے فلاحی کاموں کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

گلاسگو (کشمیر لنک نیوز) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام گلاسگو میں چیریٹی کے فلاحی کاموں کے حوالے سے ایک تعارفی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کمیونٹی کے چیدہ چیدہ افراد شریک ہوئے۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض طاہر انعام شیخ نے انجام دئیے۔ المصطفیٰ ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارا نصب العین بنیادی طور پر انسانیت کی خدمت ہے جس کے لیے ہم مختلف طریقوں اور مختلف شعبوں میں بھرپور طور انداز سے کام کررہے ہیں۔

ہمارا ایک ماٹو ’’روشنی سب کے لیے‘‘ بھی ہے، جس کے تحت پاکستان کے مختلف شہروں میں فری آئی کیمپ لگاکر تقریباً سوا لاکھ افراد کی آنکھوں کے آپریشن کیے جاچکے ہیں، المصطفیٰ دستر خوان کے تحت فری لنگر تقسیم کیے جاتے ہیں۔ کورونا کے دنوں میں ہمارے ورکرز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر بے شمار افراد کو گھروں میں کھانے کے پیکس پہنچائے،پاکستان کے مختلف علاقوں میں صاف پانی کے پلانٹس لگائے ہیں، ’میرا گھر‘ کے نام سے یتیم خانہ چل رہا ہے، اجتماعی شادیوں کے پروگرام کے تحت بے شمار بچیوں کی شادیاں کی جاچکی ہیں۔

17اسکولز میں6ہزار بچے مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں، اس کے علاوہ بھی بے شمار پراجیکٹس چل رہے ہیں، ہمارا مطمع نظر صرف اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور انسانیت کی خدمت ہے۔ گلاسگو کے ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ کونسلر حنیف راجہ نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے فلاحی کاموں کی زبردست تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق اور دکھی انسانیت کے کام آنا ایک اعلیٰ ترین عبادت ہے جس کا اجر صرف اللہ تعالیٰ دے گا۔ مقصود احمد او بی ای نے بتایا کہ المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ کا قیام1983ء میں ہوا تھا اور اس ٹرسٹ نے انسانیت کی خدمت کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں، وجاہت خان نے بتایا کہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ دنیا کے بے شمار ممالک فلسطین، ترکی، یمن، بنگلہ دیش، سائوتھ افریقہ کے علاوہ دنیا کے تقریباً65ممالک میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

کونسلر حنظلہ ملک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ان فلاحی کاموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ کونسلر شاہد فاروق نے کہا کہ المصطفیٰ ٹرسٹ والوں نے اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے یمن، شام اور غزہ کے علاقوں میں خوراک، ادویات اور دوسری اشیائے ضروریات پہنچاکر کارنامہ انجام دیا ہے۔ ڈنڈی کے ممتاز سماجی و سیاسی رہنما مجاہد اسلام نے کہا کہ المصطفیٰ کے تحت خدمت خلق کا ایک بڑا نیٹ ورک کام کررہا ہے، جن میں مساجد کی تعمیر سے لے کر قرآن پاک حفظ کرنے، میڈیکل کیمپ لگانے اور معذور افراد کو بزنس شروع کرانے سے لے کر دیگر بے شمار فلاحی کام شامل ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes