مزارات مقدسہ شعائر اللہ کی بے حرمتی کسی صورت برادشت نہیں کی جائیگی،علامہ ڈاکٹر پیر سیدعبدالقادر گیلانی – Kashmir Link London

مزارات مقدسہ شعائر اللہ کی بے حرمتی کسی صورت برادشت نہیں کی جائیگی،علامہ ڈاکٹر پیر سیدعبدالقادر گیلانی

لوٹن (کشمیر لنک نیوز) مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے بانی اور سرپرست اعلیٰ ممتاز مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر پیر سیدعبدالقادر گیلانی نے کہا کہ اسلام ایک عالم گیر اور امن و محبت کا پیامبر ہے، مساجد، خانقاہیں، مزارات مقدسہ شعائر اللہ کی بے حرمتی کسی صورت بھی برادشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدعلی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ عالم اسلام کے عظیم علمی اور روحانی پیشوا ہیں جن کا مزار مقدس مرجع خلائق ہے جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں زائرین حاضری دےکر ان کے وسیلے سے بارگاہ خداوندی میں مناجات پیش کرکے فیض حاصل کرتے ہیں۔

آپؒ کے سالانہ عرس پر پورے پاکستان اور دیگر ممالک سے اور باالخصوص پنجاب سے ہزاروں زائرین حاضر ہوتے ہیں جن میں مشائخ سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہوتے ہیں ،اس سال عرس کے مقدس موقع پر جب سٹیج پربڑے بڑے آستانوں کے سجادہ نشین ،علما ء مشائخ جن میں مدرسین، خطباء ،محدثین، قراء، نعت خواں موجود تھے ،عین اس وقت ایک مخصوص اور شرپسند گروہ کے افراد نے بد تمیزی کی اور مقدس نعروں کو استعمال کرکے مسجد داتا صاحب کے دربار شعائر اللہ کی توہین کا ارتکاب کیا اور اسٹیج پرموجود علمائے کرام جن میں عالی نصب سادات اظہار بھی موجود تھے، کی تضحیک کی گئی اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ہم بیرون ملک رہ کر بھی اپنے ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں ،اس ملک کو امن کا گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں ،ایسے افراد جنہوں نے ایک پرامن اور روحانی پروگرام میں بدامنی پھیلا کر امن عامہ کو نقصان پہنچایا ہے،وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ،وزیراعلیٰ پنجاب فوری طور پر نوٹس لے کر مکمل عدالتی انکوائری کا حکم دےکر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں تاکہ اس قسم کے واقعات کا سدباب ہوسکے۔ قبلہ مفکر اسلام پیر سید مظہر حسین گیلانی، علامہ صاحبزادہ حیدر شاہ ترمذی، مفتی عبدالرحمٰن نقشبندی، مفتی برکات احمد چشتی، علامہ قاری محمد خان قادری، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، علامہ محمد فاروق چشتی، قاضی عبدالرشید چشتی، علامہ قاری واجد حسین، علامہ ساجد لطیف قادری، حافظ نذیر احمد مہروی، حافظ محمد افضل چشتی، علامہ نثار احمد، علامہ انعام الحق قادری، علامہ حافظ محمد اشتیاق قادری،الحاج خلیفہ عبدارحمٰن قادری،علامہ حافظ محمد کامران، علامہ عاصم حسین مرزا و دیگر نے بھرپور حمایت کی۔

دریں اثناء جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں خطیب ملت قاضی عبدالعزیز چشتی کی صدارت میں منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس جس میں سابق میئر آف لوٹن محمد ریاض بٹ، الحاج صوفی کرامت حسین قادری، حافظ محمد کامران، خلیفہ محفوظ بٹ،شیراز غفور بٹ، حاجی چوہدری عبدالغفور، محمد خورشید بٹ، چوہدری محمد طارق، چوہدری جاوید حسین، ملک تجمل حسین، حاجی اعجاز حسین و دیگر شامل تھے ،نے متفقہ طورپر قرار داد مذمت منظور کی اور حکومت پنجاب سے فوری طور پر ملزمان کے خلاف کارروائی کی اپیل کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes