بارسلونا میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی پاکستانی خواتین کے اعزاز میں تقریب – Kashmir Link London

بارسلونا میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی پاکستانی خواتین کے اعزاز میں تقریب

بارسلونا (کشمیر لنک نیوز) اسپین کے صوبائی دارالخلافہ بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے نے مختلف شعبہ ہائے جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین کے اعزاز میں “وومن ایمپاورمنٹ “کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں ہسپانوی پارلمینٹیرین، سینٹیرز، اعلی عدلیہ کے ججز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستانی خواتین ڈاکٹرز، نرسز، ہیلتھ اینڈ سوشل ورکرز، لاگریجوئٹس، انجینئیرز، پروفیسرز، بزنس پروفیشلنز اور وومن کرکٹ ٹیم کی 130 سے ذائد خواتین نے شرکت کی ۔ جس پر ہسپانوی اتھارٹیز ششدر رہ گئیں یورپ کے ان ممالک میں پاکستانی خواتین کے متعلق صرف ایک ھاوس وائف کا تصور پایا جاتا تھا۔لیکن اس تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی خواتین کی شمولیت اور ان کی کارکردگی پر انہیں تعریفی اسناد اور میڈلز دیے جانے پر ہسپانوی کمیونٹی نے بہت مثبت ردعمل دیا۔

سینیٹرز ، پارلمینٹیرین اور پولیس افسران نے پروگرام میں شیڈول سے ہٹ کر حاضرین محفل سے خطاب کرنے کی اجازت چاہی اور پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کو بھرپور سراہا۔ ‎قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے اس موقعہ پر 20 منٹ کی پریزینٹیشن پیش کی اور محترمہ فاطمہ جناح، محترمہ بےنظیر بھٹو، ملالہ یوسف زئی اور عاصمہ جہانگیر جیسی مضبوط خواتین کے حوالے ایک نہایت مثبت پیغام دیا جس نے حاضرین محفل پر بہت گہرا اثر چھوڑا۔

مقامی شاعرہ ، پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر ارم بتول قادری کی نظم “آواز ” پر ہسپانوی فنکاروں کے رقص نے سماں باندھ دیا۔‎ہسپانوی پارلمینٹیرین ماریہ دانتیس نے اپنی ٹویٹر اکاونٹ سے اس پروگرام کے انعقاد پر پاکستانی کمیونٹی اور قونصل خانے کو بھرپور داد دی۔ اعلیٰ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ کاتالونیا میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار نہایت اہم ہے اور ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی خواتین کاتالونیا کی تعمیر و ترقی میں اپنا نہایت مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes