اسلام اور پاکستان کے خلاف تمام سازشیں ناکام و نامراد ہوں گی ،قاضی عبدالعزیز چشتی – Kashmir Link London

اسلام اور پاکستان کے خلاف تمام سازشیں ناکام و نامراد ہوں گی ،قاضی عبدالعزیز چشتی

لوٹن(کشمیر لنک نیوز)جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں منعقدہ عیدالفطر کے اجتماع میں مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز کے مرکزی جنرل سیکر ٹری خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم عیدالفطر کے مقدس موقع پر تجدید عہد کریں کہ ہم پاکستان کی سالمیت و بقا اور استحکام کیلئے متحد اور منظم ہو کر جدوجہد کرینگے ، ارض مقدس اسلامی جمہوریہ پاکستان کو دہشت گردی اور خانہ جنگی سے دور رکھیں گے اور پاکستان کے اولین مقاصد کو پورا کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان ہماری جائے پناہ اور ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اور لاکھوں فرزندان توحید کی شہادتوں اور قربانیوں کا ثمر ہے ۔

یہ خطہ ارضی مدینہ طیبہ کے بعد دنیا کے نقشہ پر اسلام کے مقدس نام پر معرض وجود میں آیا جسے رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کو اللہ کریم نے اپنے حبیبﷺ کے صدقے عطا کیا، اس ملک کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے نظریات اور افکار تھے ،آج پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں پرنٹ و الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کو اپنے حصول کی کامیابی کیلئے استعمال کر کے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہیں ، مگر ہمیں یقین کامل ہے کہ اللہ کریم ہماری فرمائے گا اور اسلام اور پاکستان کے خلاف تمام سازشیں ناکام و نامراد ہوں گی۔

مولانا چشتی نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں پیش آنے والے واقعہ کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ وہ مقدس بارگاہ ہے جہاں ستر ہزار فرشتے صبح و شام حاضر ہو کر باگاہ رسالتﷺ میں صلواۃ وسلام پیش کرتے ہیں، اس مقدس مقام کی بے حرمتی اور بے ادبی کا مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا ، اس موقع پر ڈپٹی لیڈر کونسل کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے کہا پاکستان کے اندرونی معاملات کو ٹھیک کرنے کیلئے ہم اپنا کردار ادا کریں گے اور کہا نوجوانوں کو صحیح راستے پر گامزن کرنے کی ضرورت ہے ۔ سابق میئر لوٹن محمد ریاض بٹ نے کہا پاکستان تحریک آزادی کشمیر کا ضامن اور پشتیبان ہے مضبوط اور پر امن پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے ۔

50% LikesVS
50% Dislikes