رمضان المبارک کے اختتام پر خوشیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے اوورسیز میں عید ملن تقریبات کا آغاز – Kashmir Link London

رمضان المبارک کے اختتام پر خوشیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے اوورسیز میں عید ملن تقریبات کا آغاز

برلن (کشمیر لنک نیوز) ماہ رمضان کے اختتام اور عید کی خوشیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے عید ملن پارٹیوں کا آغاز ہوچکا، اس سلسلے کی ایک پروقار تقریب پاکستان ہاؤس برلن میں ہوئی جس میں کمیونٹی کی اہم شخصیات کے علاوہ دیگر مسلم ممالک کے سفارتکار بھی شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں پاکستانی طلبہ اور برلن میں مقیم کمیونٹی کے نمایاں افراد نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کرکے محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔

پریس ونگ و سفارتخانے کے دیگر افسران نے پاکستان ہاؤس برلن میں آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انتہائی سادہ اور پروقار انداز میں منائی گئی تقریب میں سفیر پاکستان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی برادری کو میرے طرف سے اور پاکستانی قوم کی طرف عید الفطر مبارک ہو۔ انکا مزید کہنا تھا ہم میں سے ہر پاکستانی قوم کا سفیر ہے، ہمیں لوگ پاکستان کے نام سے جانتے ہیں جس پر ہمیں بجا طور پر فخر ہے۔

بعد ازاں سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل، ان کے اہل خانہ اور ایمبیسی اسٹاف، ان کی فیملیز بھی پاکستانی کمیونٹی سے گھل مل گئے۔ تقریب کے شرکاء نے سفیر پاکستان کے ساتھ تصاویر بنائیں اور پاکستان ہاؤس میں موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ عید ملن کی تقریب میں پاکستان ہاؤس میں آنے والے مہمانوں کی روایتی پاکستانی کهانوں سے تواضع بھی کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes