لوٹن میں کشمیر کمپین گلوبل کے زیراہتمام اشرف صحرائی کی پہلی برسی پر تقریب – Kashmir Link London

لوٹن میں کشمیر کمپین گلوبل کے زیراہتمام اشرف صحرائی کی پہلی برسی پر تقریب

لوٹن (کشمیر لنک نیوز) کشمیر گلوبل کمپین کے زیر اہتمام شہید حریت رہنماء محمد اشرف صحرائی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لوٹن کی کشمیری کمیونٹی سمیت آل پارٹی حریت کانفرنس کے رُکن آزادی پسند کشمیری رہنماء عبدالحمید لون نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ میزبانی کے فرائض نوجوان کشمیری رہنما ظفر قریشی نے ادا کئے۔
حریت کانفرنس کے عبدالحمید لون نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی حالت زار کا نقشہ کھینچا اور وہاں پر بھارت کے ظلم اور جبر کو واضح کیا، انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے ہر گھر کے باہر فوج کا پہرہ ہے، کشمیر کی صورتحال گمبھیر ہے، صرف آزادی تحریر اور تقریر ہی نہیں ،آزادی زندگی بھی سلب کی جا رہی ہے ، 5 اگست کے بعد سازش کے ذریعے کشمیر کی تاریخ اور شناخت ختم کی جارہی ہے مگر اقوام متحدہ اور اسلامی سربراہی کانفرنس سمیت عالمی ادارے خاموش ہیں، فقط پاکستان کشمیر پر آواز بلند کرتا ہے۔

صدر پروگرام، ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے روح رواں نزیر احمد قریشی نے کہا کہ 10 لاکھ بھارت کی افواج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے، بھارتی فوجی ہماری عفت مآب خواتین کی عزتوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں، سرحد کے اس پار بچوں کو شہید کیا جاتا ہے، مودی سب سے بڑا دہشت گرد ہے پہلے مغرب کا کوئی ملک اسے کوئی ویزہ نہیں دیتا تھا اب وزیر اعظم بن گیا تو ان کا محبوب بن گیا، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی آزادی اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتی جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا انہوں نے اشرف صحرائی کی پہلی برسی کے موقع پر تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان نے کہا برطانیہ میں کشمیری کمیونٹی اپنی نئی نسل کو کشمیر پر سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ شامل کرے اور رائے عامہ کو کشمیر پر ہموار کیا جائے۔ برطانیہ کے کونسلرز اور ممبران پارلیمنٹ کشمیر کے مسئلے کو اٹھاتے رہتے ہیں لیکن کمیونٹی کو کشمیرپر حکمت عملی بہتر بنانےکی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ دنیامیں تبدیلیاں آرہی ہیں ،انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان عالمی تبدیلیوں سے کشمیر پر بھی پیش رفت میں مدد ملےگی۔

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا مگر پاکستان کی تینوں بڑی قومی جماعتوں کے قائدین نے مذمتی بیان تک جاری نہیں کیا جو افسوسناک امر ہے اور ان جماعتوں کے کشمیرپر حمایت کے دعووں کے برعکس ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرنے والے دیگر افراد میں کونسلر طاہر ملک اور کونسلر سمیرا خورشید، سابق میئر ریاض بٹ، راجہ وحید اکبر، چوہدری شریف اور حاجی قربان حسین شامل تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes