تحریک کشمیراسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام یاسین ملک و دیگر حریت پسند لیڈروں کی رہائی کیلئے مظاہرہ – Kashmir Link London

تحریک کشمیراسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام یاسین ملک و دیگر حریت پسند لیڈروں کی رہائی کیلئے مظاہرہ

گلاسگو (کشمیر لنک نیوز) تحریک کشمیر اسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام ڈنڈی میں کشمیری رہنما یاسین ملک و دیگر حریت پسند لیڈروں کی رہائی کے لیے ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا جس میں ہر مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممتاز رہنما چوہدری فخر اقبال، سید اعجاز حسین شاہ، بشیر حسین، لیاقت علی، قیصر حبیب اور آصف چوہدری نے کہا کہ یاسین ملک جوکہ پرامن طور پر آزادی کشمیر کی تحریک کو چلا رہے تھے، ان کو بے بنیاد الزامات میں ایک نام و نہاد عدالت سے عمر قید کی سزا دلوائی گئی ہے جوکہ انسانی و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

بھارت کے اس اقدام پر عالمی سطح پر چھائی خاموشی ایک شرمناک عمل ہے جوکہ بھارت کے حوصلے بڑھا رہی ہے لیکن یہ امر باعث اطمینان ہے کہ اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی نے بھارت کے اس فیصلہ کو تعصب اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا عکاس قرار دیا ہے۔ یاسین ملک کو کنگرو کورٹس سے سزا دلوانے کا فیصلہ نہ صرف بھارتی انصاف کے نظام پر ایک ٹھپہ ہے بلکہ یہ اس کی جعلی جمہوریت کی بھی قلعی کھولتا ہے۔ ان کشمیری رہنمائوں نے امریکہ، برطانیہ یورپی یونین اور دنیا بھر کی تمام دیگر انسان دوست تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کو اپنا یہ فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کریں،یاسین ملک اور دیگر تمام گرفتار شدگان کو رہا کرائیں۔

علاوہ ازیں یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک اپنے شوہر کی غیر قانونی سزا کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کررہی ہیں، امید ہے کہ عالمی عدالت انصاف مسلمانوں کے خلاف بھارت کے اس متعصبانہ رویے کا نوٹس لیتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes