اخوت سویڈن کا سالانہ اجلاس، پاکستان بھیجے جانی والی رقوم کی فلاحی کاموں میں اہمیت کے حوالے سے گفت وشنید – Kashmir Link London

اخوت سویڈن کا سالانہ اجلاس، پاکستان بھیجے جانی والی رقوم کی فلاحی کاموں میں اہمیت کے حوالے سے گفت وشنید

اسٹاک ہوم (کشمیر لنک نیوز) اخوت سویڈن کا سالانہ اجلاس اسٹاک ہوم میں منعقد ہوا ، اجلاس میں اخوت سویڈن کے عہدیداران اور پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی،اجلاس کی صدارت اخوت سویڈن کے چیئرمین عارف کسانہ نے کی۔ اجلاس میں اخوت سویڈن کی گزشتہ سال کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں اخوت سویڈن کی جانب سے پاکستان بھیجے جانی والی رقوم کی فلاحی کاموں میں اہمیت کے حوالے سے گفت وشنید ہوئی۔

اخوت سویڈن کی جانب سے گزشتہ سال لاہور میں کچھ مسیحی گھرانوں کو کرسمَس کے موقع پر ایک ماہ کا راشن دیا گیا جبکہ اسٹاک ہوم میں بے گھر سویڈش لوگوں میں مفت کھانا تقسیم کیا گیا۔ سویڈن کے بڑے شہروں گوتھن برگ، مالمو، اپسالا، ویستروس اور لنشاپنگ میں اخوت کی مقامی تنظیمیں بہت فعال انداز میں کام کررہی ہیں جبکہ خواتین، بچوں، نوجوانوں اور کاروباری طبقے میں اخوت کے پیغام کو عام کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اخوت سویڈن کے فنانس سیکرٹری مرزا قیصر نے گزشتہ سال کے حسابات کی وضاحت سلائیڈز کی مدد سے کی اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیئے۔

سالانہ اجلاس میں اگلی مدت کے عہدیداروں کا انتخاب الیکشن کمشنر شفقت کھٹانہ ایڈووکیٹ کی نگرانی میں ہوا۔جس کے مطابق چیئرمین ڈاکٹر عارف محمود کسانہ، وائس چیئرمین عمران کھوکھر، جنرل سیکرٹری ابرار اکبر، جوائنٹ سیکرٹری منزہ لوہسر، فنانس سیکرٹری قیصر مرزا جبکہ بورڈ اراکین میں مسعود منہاس، ہما ڈار، عاقل خان، شہاب قادری اور کہکشاں میاں شامل ہیں۔ عامر سلطان کو محاسب حسابات منتخب کیا گیا جبکہ اخوت گوتھن برگ کے صدر ڈاکٹر شاہد محمود اور اخوت اپسالا کے صدر ڈاکٹر محمد کاشف بورڈ کے اعزازی رکن ہوں گے۔

اس موقع پر عمران کھوکھر، ابرار اکبر، مسعود منہاس، کہکشاں میاں، منزہ لوہسر، ہما ڈار، مرزا قیصر، ڈاکٹر شفقت احمد، ڈاکٹر محمد کاشف اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وہ اخوت کے پیغام کو سویڈن میں عام کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے اخوت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ان کی قیادت میں کام کرنا اپنے لئے فخر دیا۔ اجلاس کے اختتام پر نومنتخب عہداروں کی جانب سے شرکا کی تواضع کا اہتمام بھی کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes