بارسلونا میں پاکستانی خواتین کا شاندار پاور شو، مقامی لیڈرشپ کا بھرپور خراج تحسین – Kashmir Link London

بارسلونا میں پاکستانی خواتین کا شاندار پاور شو، مقامی لیڈرشپ کا بھرپور خراج تحسین

بارسلونا(کشمیر لنک نیوز) پاکستانی خواتین نے بارسلونا میں ایک بڑا پاور شو منعقد کیا اور پاکستانی صحت مند کھانوں کی نمائش کرکے پاکستان کا بہترین کلچر اور مثبت چہرہ پیش کیا اور نیوٹریشن میں پی ایچ ڈی کرنے والی ڈاکٹر صبا انور نے اپنا تھیسز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خواتین کو اسٹیج پر بلوا کر ان کا تعارف کروایا۔ عروسہ راجہ چیئرپرسن وومن ونگ اور نیوٹریشن کی ماہر ڈاکٹر صباء انور نے پروگرام ترتیب دیا جبکہ کوارڈینیٹر کے فرائض پاک فیڈریشن کی کلچرل کونسل کے چیئرمین نے سر انجام دیے۔ پروگرام میں اسپین کے اعلیٰ عہدیداران خواتین و حضرات ڈاکٹرز، پروفیسر صاحبان اور مقامی محکمہ جات کا عملہ موجود تھا۔

پروگرام کے آغاز میں ڈسٹرکٹ کونسلر Barbara Ferrer نے حال ہی میں پاکستان میں دو بہنوں کے قتل کی سخت مذمت کی اور ایک منٹ خاموشی اختیار کی گئی، انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا جو میڈیا میں دکھایا جا رہا ہے بلکہ آج بہت سی بہادر اور empowerd پاکستانی خواتین سے آپ کی ملاقات ہوگی۔ اس کے بعد ڈاکٹر صبا انور نے آدھا گھنٹہ اپنا نیوٹریشن تھیسز پیش کیا،ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کا کلچر اور مثبت چہرہ پیش کرنے کیلئے کوشاں ہیںتین پاکستانی خواتین نے صحت مند لائف اسٹائل کا تجربہ بیان کہ وہ کیسے اپنی صحت کا خود خیال رکھتی ہیں بلکہ ایک خاتون نے بتایا کہ اس نے 20 کلو وزن کم کیا ہے اور دوسری 7 کلو کم کرنے میں کامیاب ہوئی اور یہ سب کچھ صحتمند اور کنٹرول کھانے کی وجہ سے ہوا جو انھیں نیوٹریشن ماہر نے بتایا۔

دوسرے مرحلے میں آٹھ پاکستانی خواتین نے خوراک کی صحت مند پلیٹس پیش کرکے حاضرین کو حیران کر دیا اور مزید حیران اس وقت کیا جب اسٹیج پر پاکستانی خواتین انجینئرز، فارماسسٹ، ڈرائیورنگ پروفیسرز، بیوٹیشںز، بزنس ایڈمنسٹر اور میڈیا اینکر کو پیش کیا گیا اور دیگر درجنوں شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کا تعارف بھی کروایا گیا جس کو اسپین کے تمام اعلیٰ عہدے داران خواتین و حضرات نے بہت سراہا اور پورا ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔ اس پروگرام کو انسٹا گرام پر لائیو دکھایا گیا اور اسپینش و پاکستانی میڈیا نے بھی بھرپور کوریج دی۔

تمام پاکستانی خواتین نے اس پروگرام میں انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا جس میں انہوں نے پاکستان کا مثبت چہرہ پیش کر کے حالیہ ہونے والے واقعات کی پرزور مذمت بھی کی اور اسپینش کمیونیٹی کو پیغام دیا کہ اکا دکا ہونے والے واقعات ہر جگہ ہوتے رہتے ہیں جس کا پوری قوم کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا اور ہم سو سے زیادہ خواتین خود آپ کے سامنے ایک مثال ہیں کہ پاکستانی خواتین مکمل ایم پاورڈ اور ہر شعبہ زندگی میں اپنا لوہا منوانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ آج ہم اپنے والدین اور فیملی کی سپورٹ سے ہی اس اسٹیج پر کھڑی ہیں۔ پروگرام ختم ہوتے ہی مبارکباد کے لیے پیغامات اور ٹیلی فون کال کا تانتا بندھ گیا اور سب نے حوصلہ افزائی کی جس کے ہم تہہ دل سے مشکور ہیں۔ پروگرام کے بعد خواتین نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ سب مل کر مختلف پروگرام ترتیب دیتی رہیں گی تاکہ خواتین کے حوالے سے پاکستانی کلچر کے مطابق مثبت چہرہ پیش کیا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes