وٹفورڈ میں کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گا، میئر پیٹر ٹیلر

وٹفورڈ (کشمیر لنک نیوز) وٹفورڈ میں لب ڈیم کےرہنما اور عوامی مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر حاجی محمد منیر اور وٹفورڈ کمیونٹی فورم نے وٹفورڈ میں لب ڈیم کی کامیابی کی خوشی میں وٹفورڈ کے نومنتخب میئر پیٹر ٹیلر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا ۔ استقبالیہ میں کونسلر سردار شفیق ، کونسلر عمران حمید ملک ،کونسلر خالد حسین، کونسلر ڈونلڈ، جسٹس نزیر، وٹفورڈ کمیونٹی فورم کے چیئرمین امجد امین بوبی ، اسرار احمد شاہ ، چوہدری محمد شاہپال، منصور کیانی، چوہدری محمد اعظم ، چوہدری محمد مصطفیٰ ، چوہدری محمد خان، قاری جہانگیر، حاجی محمد نواز ، چوہدری محمد رفیق، رشید ملک ، ارشد نعت خواں ، سابق میئر چشم ز فیر بھٹی، ریاست بھٹیودیگر نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز قاری جہانگیر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، حاجی محمد نواز اور حاجی ارشد نے نعت رسول مقبولﷺپیش کی ۔ اس موقع پر میئر وٹفورڈ پیٹر ٹیلرنے اپنے اعزاز میں وٹفورڈ کمیونٹی کی طرف سے دی گئی دعوت استقبالیہ پراظہار تشکر کیا اور کہاکہ وہ وٹفورڈ کی کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ مسائل کے حل کیلئے وہ بھرپور کردار ادا کریں گے، اس وقت وٹفورڈ کا اہم مسئلہ قبرستان کی توسیع ہے، اس پر جلد کمیونٹی کا اجلاس بلایا جائے گا ۔ اس موقع پر نو منتخب کونسلر سردار شفیق نے کہا کہ بیرل کا مسئلہ اور قبرستان کی توسیع انتہائی ضروری ہیں، انہوں نے کہا ہم آج بھی اس مؤقف پر قائم ہیں کہ برطانیہ میں کشمیر ی عوام کو بی بی سی کے چینلز پر وقت دیا جائے اور ہمارا خط بی بی سی کے ڈائریکٹر کی میزپر ہے۔

انہوں نے کہا برطانیہ کے کشمیر ی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آپس میں اتحاد و اتفاق قائم کریں، انہوں نے کہا برطانیہ کے سینماؤں سے گستاخانہ اور نفرت انگیز فلموں کو فوری ہٹایا جائے، لب ڈیم کے رہنما حاجی محمد منیر نے بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے نبی اکرمﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ،انہوں نے بھارت کے حکمران نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعہ پر امت مسلمہ سے معافی مانگیں اور او آئی سی کے ممبر ممالک بھارت کے خلاف سیاسی و سفارتی پابندیاں عائد کریں۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کی رہائی کیلئے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کر ے ، بھارت کے حکمران طبقہ کے دبائو پر ممتاز کشمیر ی رہنما یاسین ملک کے خلاف جو فیصلہ دیا ہے وہ ماورائے عدالت اور انصاف کا قتل ہے ، پاکستانی اور کشمیری یاسین ملک کے ساتھ ہیں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے اقدامات کرے ۔ کمیونٹی فورم کے چیئرمین امجد امین بوبی نے میئر پیٹر ٹیلر کی توجہ وٹفورڈ کے مسائل کی طرف دلاتے ہوئے ان کے حل پر زور دیا۔ کونسلر عمران حمید ملک نے بر طانوی کونسلز میں کشمیر یوں کی شناخت تسلیم کر نے پر شکریہ ادا کیا۔ جسٹس نذیر نے پیٹر ٹیلر کو دوبار میئر منتخب ہونے پر مبارک دی۔ کو نسلر ڈونلڈ نے بھی دعوت استقبالیہ دینے پر اظہار تشکر کیااور کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اسٹیج سیکرٹر ی کے فرائض زبیر بھٹی نے انجام دیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں