برسلز (کشمیر لنک نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یورپی یونین انسانی حقوق کا چمپئن ہے اور مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بہت بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ حریت رہنماؤں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے، نوجوانوں کو کالے قوانین کے تحت بغیر وارنٹ گرفتار کر کے انہیں اذیتیں دی جا رہی ہیں، خواتین اور بچوں کو پیلٹ گن کا نشانہ بنا کر ان کی بنائی چھینی جا رہی ہے، اسی طرح خواتین سے گینگ ریپ کر کے ان کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں یاسین ملک کو بھارتی عدالت نے جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ لہذا یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے مظالم رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ اگرچہ پہلے بھی یورپی پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور گمنام قبروں کی دریافت پر ایماء نکلسن رپورٹ پاس کر چکی ہے، لہذا یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے روکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ممبر یورپین پارلیمنٹ مائیکل گیلر سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ یاد رہے کہ مائیکل گیلر یورپی پارلیمنٹ کے ایک اہم رکن ہیں بلکہ وہ پاکستان کے 2013 اور 2018 کے انتخابات میں یورپی یونین کی طرف سے چیف آبزرور کے طور پر آئے تھے اور یہ ساؤتھ ایشیا کی سیاست پر بھی عبور رکھتے ہیں۔ اس موقع پر ممبر یورپین پارلیمنٹ مائیکل گیلر (Micheal Gahler) نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر اپنی آواز اٹھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
بعد ازاں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستان کے یورپی یونین اور بیلجیئم میں سفیر اسد مجید سے ایک گھنٹے کی تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور پاکستانی سفیر اسد مجید کے درمیان ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو اٹھانے کے حکمت عملی تیار کی گئی اس موقع پر پاکستان کے یورپی یونین اور بیلجیئم میں سفیر اسد مجید نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے کے لیے آپ کی کوششیں ہمارے لیے سود مند ثابت ہوں گی یاد رہے کہ پاکستان کے یورپی یونین اور بیلجیئم میں سفیر اسد مجید اس سے قبل واشنگٹن میں امریکہ کے لیے پاکستان کے سفیر تعینات رہ چکے ہیں۔