سمیرا سلیم نے لوٹن کونسل کی نئی میئر اور آصف مسعود نے ڈپٹی میئر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

لوٹن (کشمیر لنک نیوز) برطانوی دارالحکومت لندن سے ملحق ٹائو ن لوٹن سے کشمیری نژاد کونسلر سمیرا سلیم نے لوٹن بارو کونسل کی نئی میئر جب کہ کونسلر آصف مسعود نے ڈپٹی میئر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ دونوں کا تعلق لیبر پارٹی سے ہے، میئر سمیرا کے والد راجہ سلیم24 برس تک لیبر پارٹی کے کونسلر اور دو مرتبہ میئر کے عہدے پر فائز رہے جب کہ ڈپٹی میئر چوہدری آصف مسعود کوٹلی آزادکشمیر کے مشہور سیاسی گھرانے کے فرد ہیں اوران کے نانا آزادکشمیر کے پہلے چیف جسٹس تھے۔

کونسل کے فل ہائوس میں میئر بننےکی تقریب لوٹن ٹائون ہال میں کونسلرز ،لیڈر آف دی ہائوس ، ڈپٹی لیڈر دوسرے شہروں سے آئے ہوئے سابقہ اور موجودہ میئرزو ڈپٹی میئرز سمیت فیملیز کے افراد، کمیونٹی شخصیات، مذہبی ، سیاسی اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میئر اور ڈپٹی میئر کو روائتی لباس زیب تن کرایا گیا اور چین بھی پہنائے گئے ،اس موقع پر میئر اور ڈپٹی میئر کے خاندان کے افراد اور دوست احباب نے انہیں ہار پہنائے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والی میئر سمیرا سلیم کا کہنا تھا کہ وہ سیاست میں اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شامل ہوئی ہیں اور کمیونٹی کے لیے خدمت کا جزبہ لے کر آئی ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہو گئی کہ وہ لوٹن میں چاقو زنی کے جرائم کے خاتمے کیلئے اپنی ہر ممکن کوشش کریں کیونکہ ان جرائم نے بہت سی زندگیوں کو متاثر کیا ہے، انھوں نے لوٹن میں پارکنگ کے مسائل کے حوالے سے بھی بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی میئر چوہدری آصف مسعود نے لوٹن کی ترقی اور نیک نامی کیلئے اپنے مثبت کردار کا اعادہ کیا۔ اس موقع کونسلر لیڈر ہیزل سیمنز نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نو منتخب میر اور ڈپٹی میئرہمارے شہر کے لئے ایک بہترین سفیر ہوں گی۔ڈپٹی لیڈر راجہ اسلم خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیاست میں آنے کے لئے سمیرا سلیم کی مثال لینا ہو گی تاکہ ہماری نوجوان نسل تعمیری سرگرمیوں کی طرف مائل ہو کر عملی سیاست میں بھی حصہ لے۔

تقریب میں سابق میئر محمد ریاض بٹ، کونسلر خدیجہ ، کونسلر سمیرا خورشید، کونسلر راجہ نوید، کونسلر محمود حسین ، کونسلر امجد علی،کونسلر طاہر ملک، کونسلر جاوید، میرپور ائر پورٹ موومنٹ کے چیئرمین حاجی چوہدری محمد قربان، ڈاکٹر طاہر لون، ڈاکٹر رضوان بٹ، فیاض قریشی، پروفیسر امتیاز، خالد انجم،اعظم خان ، شبیر ملک ، ،تیمور لون ،سابق میئر محمد فاروق، ظہیر احمد قادری ، زبیر قادری، ضیا الحق قریشی ،ہائی شیرف بیڈفوڑدشائر ، ڈپٹی لارڈ لیفٹیننٹ ، لیڈی ڈیان میکنزی، ٹام شاہ،کونسلر ماریہ لوویل، پروفیسرمسعوداخترہزاروی سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں