ہائیڈل برگ جرمنی میں شاعرِ مشرق کی یاد میں انکے پسندیدہ دریا کنارے تقریب

فرینکفرٹ (کشمیر لنک نیوز) ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن جرمنی نے دو روزہ ادبی تقریبات کا آغاز سر سبز و شاداب پہاڑوں کے حصار میں بہتے ہوئے دریائے نیکر کے کنارے دلفریب ’’مقام اقبال‘‘ سے کیا۔حکیم الا مت شاعر مشرق ڈاکٹر اقبالؒ کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے پروفیسر ڈاکٹر اسلم سیّد اور عالمی اردو ادب کے سفیر ڈاکٹر تقی عابدی کینیڈا سے شریک ہوئے، دریائے نیکر کے کنارے 37درجہ حرارت کی گرمی بھی پروگرام کی خوبصورتی و حسن کو کم نہ کرسکی،’’علامہ اقبال اورگوئٹے‘‘ کے موضوع پر مقالے پڑھے گئے۔

اس موقع پر علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر تقی عابدی نے کہا جرمنی ہائیڈل برگ میں شاعرِ مشرق نے اپنے قیام کو زندگی کے خوبصورت لمحات سے تعبیر کیا ،علامہ اقبالؒ نے اردو ادب کو ’’جاوید نامہ ‘‘اسی دریا ئے نیکر کے کنارے بیٹھ کر دیا،ہائیڈل برگ ٹائون کی کلچرل ونگ کی اعلیٰ عہدیدار کلائوڈیا کراماچک اور کونسلروسیم بٹ نے اس خوبصورت مقام پر علامہ اقبال کی یاد منانے کی روایت پر ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید اقبال حیدر کو مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ ہائیڈل برگ سٹی انتظامیہ ان کی ادبی سرگرمیوں پر ہمیشہ حوصلہ افزائی کرے گی۔روحیل بیگ نے گوئٹے اور اقبال کی شخصیات کا ادبی تعارف پیش کیا۔

پاکستان سے آئے شاعر حسنین بخاری نے علامہ اقبال کی نسبت سے تقریب کے انعقاد کو لائق تحسین قرار دیا۔پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید نے ڈاکٹر اقبالؒ کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں پر اظہار خیال کیا، خاص طور پر ان کے ہائیڈل برگ میں گذرے ہوئے ایام کی خوشگوار یادوں اور ان کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں تین کتابوں کی تقریب رونمائی کی گئی ۔ صحافی روحیل بیگ کی223 صفحات کی کتاب’’کالم کہانی‘‘ہائیڈل برگ یونیورسٹی کے سائوتھ ایسٹ شعبے کے پروفیسر ڈاکٹر ہارڈر،طاہرہ رباب کی کتاب’’عرفان کتاب مکنون ‘‘ پروفیسر اسلم سید اور مولانا مرزا محمد اطہر مرحوم کی252 صفحات پر مشتمل کتاب’’حیات اطہر بہ زبان اطہر‘‘ کی رونمائی بدست ڈاکٹر تقی عابدی ہوئی۔ پروگرام کے روح رواں سید اقبال حیدر نے تینوں کتابوں کوعالمی ادب میں خوبصورت اضافہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کتابوں کہ مصنفین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

تقریب رونمائی کے بعد محفل مشاعرہ ہوئی، شعرا میں نقیب محفل تقریب کے میزبان سید اقبال نے اپنے اشعار سے کیا، ان کے بعد حیدرؔ نقوی باقرؔ زیدی ، عدنان محسنؔ (پاکستان)،ڈاکٹر فیصل کمال حیدری (پاکستان) طاہرہ رباب ،حسنینؔ بخاری (پاکستان) ،ڈاکٹر تقی عابدی (کینیڈا) نے اپنا کلام سنایا اور سامعین سے دادِ تحسین حاصل کی۔تقریب میں کثیرتعداد میں محبان اردو اور محبان علامہ اقبال نے شرکت کی اور دریا کے کنارے گھنے درختوں کے سائے تلے ایشین سنیکس سے وطن کی یاد تازہ کی۔ تقریب کے اختتام پر نقیب محفل اور میزبان سیّد اقبال حیدر نے معز زمہمانوں اور تقریب میں شریک شعرائے کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا ۔

واضح ر ہےکہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے حوالے سے دنیا بھر میں تقریبات ہوتی رہتی ہیں مگر اس انداز سے خراج عقیدت پیش کرنے کا خیال جرمنی میں مقیم شاعر،ادیب اور صحافی سیّد اقبال حیدر کو 13 برس پہلے آیا اور انھوں نے تقریب کے لئے دریائے نیکر کے کنارے خوبصورت پارک کے اسی گوشے کو چُناجہاں علامہ تشریف رکھتے تھے،شاعرِ مشرق کے جرمنی ہی نہیں یورپ بھر کے چاہنے والے ہائیڈل برگ میں ہر سال ہونے والی اس منفرد تقریب کا انتظارشدت سے کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں